تمام فیصلوں کو صحیح معنوں میں عملانے کی ضرورت پر زور دیا
عمرارشدملک
راجوریراجوری ضلع ترقیاتی بورڈ کی ایک جائز ہ میٹنگ آج یہاں وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجوری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مالی سال 2017-18ءکے دوران حاصل کی گئی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔قانون ساز کونسل کے ممبر وبود ھ گپتا ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے سٹیٹ پہاڑی مشاورتی بورڈ کلدیپ راج گپتا ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر چیئرمین نے پچھلی میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بنیادی سطح پر تمام فیصلوں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ایک مو¿ثر لائحہ عمل اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی ۔انہوںنے کہا کہ مرکزی معاونت والی سکیموں کے حوالے سے خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں بیداری پیدا کی جانی چاہئیں تاکہ مستحقین کو فائدہ مل سکیں۔وزیر زراعت کو رواں مالی سال کے دوران ضلع میں مکمل کئے گئے کئی سڑک پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر کو بتایا گیا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کی تعمیر پر 139کروڑ روپے کی لاگت سے کام شد و مد سے جاری ہے اور توقع ہے کہ اسے وقت پر مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین نے ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اپنے اپنے اہداف حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ترقیاتی پروجیکٹ مرتب کرنے سے پہلے مقامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ سکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری کی ذمہ داری افسروں کو سونپی جانی چاہئیں ۔اس موقعہ پر مقامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اُجاگر کئے ۔چیئرمین موصوف نے یہ مطالبات غور سے سنے اور انہیں کم سے کم مدت میں حل کرانے کی یقین دہائی کرائی ۔اس سے پہلے ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ میں مختلف محکموں کی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017-18کے لئے مختص 205.13کروڑ روپے میں سے رواں مالی سال کے دوران اب تک مختلف منظور شدہ سکیموں پر 122.61کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔