وارانسی؍؍ کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی واڈرا جمعہ کو وارانسی پہنچیں۔بابت پور میں واقع لال بہادر شاستری بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پرینکا کا کارکنوں نے سابق ایم پی ڈاکٹرراجیش مشرا، سابق ممبر اسمبلی اجے رائے کی قیادت میں استقبال کیا۔ یہاں سے پرینکا سخت سیکورٹی کے درمیان گاڑیوں کے قافلے میں راج گھاٹ میںواقع سنت روداس مندر گئیں۔پوجاکے بعد پرینکا شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہرہ کرنے پر جیل بھیجے گئے 65 مظاہرین سماجی کارکنوں اور بی ایچ یو کے طلبہ سے ملاقات کر ان سے بات چیت کریں گی۔پرینکا سپورانند سنسکرت یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں جیتے ہوئے عہدیداروں سے ملنے کے بعد بجرڈیہہ بھگدڑ میں ہلاک بچے کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کر سکتی ہیں۔ اس سے پہلے ہڈی کپکپا دینے والی سردی کے باوجود کارکنان بڑی تعداد میں ایئرپورٹ اور راج گھاٹ میںواقع روی داس مندر میں پرینکا کے استقبال کے لئے پہنچے۔