جموں کشمیر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا حکام سے مطالبہ
یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر پانچ اگست سے تمام طرح کی انٹرنیٹ خدمات کی مسلسل معطلی پر جموں کشمیر حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے جموں کشمیر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے وادی میں انٹرنیٹ سروس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات کا کسی حد تک ازالہ ہوسکے۔جے کے وائی جے اے کے صدر اعجاز وار کی طرف سے جمعہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وادی میں انٹرنیٹ سہولیات پر پانچ اگست سے جاری پابندی سے نہ صرف صحافیوں کے کام بلکہ ان کے روز گار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہاں کے میڈیا اداروں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔وار نے اپنے بیان میں کہا کہ مستقبل قریب میں بھی انٹرنیٹ کی بحالی کی کوئی صورت نظر نہ آنے سے یہاں کے صحافیوں بالخصوص کشمیر نشین آن لائن نیوز پورٹلز کے مستقبل پر خطرے کی تلوار لٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی آن لائن میڈیا ادارے پہلے ہی بند ہوئے ہیں اور باقی ماندہ میڈیا ادارے بند ہونے کی دہلیز پر ہیں۔موصوف صدر نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انٹرینٹ پابندی مرکزی حکومت کی صحافیوں کو دھمکانے اور انہیں حکومت کے فرمان روا بنانے کی ایک سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں انٹرنیٹ خدمات پر جاری مسلسل پابندی مرکزی حکومت کے ان دعوؤں کے منافی ہے جن میں کہا جارہا ہے کہ وہ کشمیریوں خاص کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔جے کے وائی جے اے صدر نے ملک بھر کے میڈیا اداروں سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر وادی میں انٹرنیٹ خدمات پر پابندی جاری رہی تو ہم وادی گیر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں انٹرنیٹ سہولیات کی پابندی ایک سنجیدہ بحران ہے اور حکومت اس معاملے کے تئیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔