منریگا ،ایس بی ایم کی اجرتوں کا کوئی پتہ نہیں ،منظور نظر لوگوں کو ترجیح دی جارہی ہے
عمرارشدملک
سرنکوٹ: محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی اسکیموں میں کب تک عام لوگوں کو رونا پڑئے گا اور کب تک غریب عوام کاموں کی اجرتوں سے محروم رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع پونچھ کے بلاک سرنکوٹ ، لسانہ ، بفلیاز اور منڈی میں مزدوروں کو کام مشکل سے حاصل ہوتا ہے پھر اجرتوں کے لئے کئی ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے لیکن پھر بھی اجرت حاصل نہیں ہوتی اور منظور نظر لوگوں کو ہر اسکیم میں ترجیح دی جاتی ہے اور ان کی اجرت بھی وقت پر ہی ادا کردی جاتی ہے ۔ منریگا و دیگر اسکیموں کے تحت محکمہ دیہی ترقی ساتھ اپنا پسینہ بہانے والے مزدوروں کو آج تک کبھی بھی وقت پر اجرت حاصل نہیں ہوئی ۔ بلاک سرنکوٹ ، لسانہ ، بفلیاز اور منڈی کے کافی مزدوروں نے لازوال نیوز سے رابطہ قائم کر کے بتایا کہ کئی کئی ماہ تک انہیں اجرتوں سے محروم رکھا جارہا ہے اور یہاں تک کہ ایس بی ایم کے تحت بیت الخلاء کی تعمیر کی ادائیگی بھی ابھی تک نہیں ہوئی ۔ان بلاکوں کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ بلاک ملازمین کی طرف سے انہیں نظر آنداز کیا جارہا ہے اور سیاسی منظور نظر لوگوں کو ترجیح بنیادوں پر اجرتیں حاصل ہوجاتی ہیں ۔ لوگوں نے بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی عوام کی فلاح کے لئے ہونا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے یہاں سیاسی اور اعلیٰ آفیسران کے قریبی لوگوں کا پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے اور غریب عوام کا یہاں کوئی بھی کام نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رشوت اور سفارش نے محکمہ دیہی ترقی کی ساخ کو ختم کردیا ہے اور اب تو عام لوگوں کی اجرتوں پر بھی چوری شروع ہوگئی ہے اور منریگا ہو یا ایس بی ایم عام لوگوں کی ادائیگی ابھی تک نہیں ہورہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے جموں کشمیر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ دیہی ترقی میں منریگا اور ایس بی ایم کے فنڈس کو دستیاب کرائے اور غریب لوگوں کو ان کی اجرتیں کی ادائیگی میں مدد کرئے ۔