لازوال ڈیسک
گاندربل؍؍ڈپٹی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے آج کنگن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے اکہال پُل اور زچہ و بچہ ہسپتال پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ضلع انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے۔جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ کی جانب سے زیر تعمیر زچہ و بچہ ہسپتال کے معائینہ کے دوران ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلے میں اب تک کی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ پر اب تک 90فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے عمل آوری ایجنسی کو یہ کام وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس کو عوام کی سہولیت کے لئے وقف کیا جاسکے۔دریائے سندھ پر کنگن کے مقام پر تعمیر کئے جارہے اکہال پُل پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے جے کے پی سی سی کے افسروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ اس 82میٹر لمبے پُل پر 896.92لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے کنگن مارکیٹ ٹریڈریس کے ایک وفد کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انہیں درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تاجروں کے مسائل حل کرنے اور جائز مطالبات پورا کرنے کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہائیر سکینڈری کنگن میں قائم کئے گئے سرمائی ٹیوشن سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طالب علموں اور اساتذہ کے ساتھ بات کی۔ڈپٹی کمشنر نے مذکورہ ادارے کے پرنسپل کو اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کرنے کی ہدایت دی تاکہ طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔