ورکروں کی پریشانیوں کو دور کیا جائےگا : غلام نبی لون
عمرارشدملک
راجوری ڈاک بنگلو راجوری میں پی ڈی پی کے ورکروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ریاستی کابینہ کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ کررہے تھے ۔تفصیلات کے مطابق پی ڈی پی کی ورکر میٹنگ میں ضلع بھر کے کارکنان نے شرکت کی ۔اس دوران کچھ ایسے ورکران بھی تھے جو مسائل حل نہ ہونے پر پارٹی اور حکومت سے خفا نظر آئے ۔ ورکروں نے بتایا کہ اپوزیشن کے وقت ان کے کام ہوتے تھے لیکن آج حکومت میں کوئی کام نہیں ہورہا ۔ ورکروں نے کہا کہ ہر ایک کے مختلف مسائل ہیں لیکن کسی کے مسائل کا حل نہیں ہورہا اوربجلی ،پانی اور راستوں کی پریشانی کے ساتھ ساتھ کسان بھی پریشانی میں مبتلا ہےں کیونکہ محکمہ زراعت بھی تعاون نہیں دیتا اور جو بیج ہمیں دئے جاتے ہیں ان سے فصل کو نقصان ہورہا ہے اور بی پی ایل ہولڈر کو بھی محکمہ کی طرف سے کوئی رعایت نہیں دی جارہی ہے ۔ ورکروں نے کہا کہ پارٹی کوچاہیے کہ وہ ورکروں کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کا موقع فراہم کرے تاکہ پارٹی مضبوط ہوسکے ۔ اس موقع پر ضلع صدر پی ڈی پی اعجاز احمد مرزا نے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجوری ضلع کے پارٹی ورکر ان کے مختلف قسم کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ ورکران خوش ہونگے تو پارٹی بھی مستقبل میں مضبوط ہوگی ۔ وہیں صدارتی خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے محکمہ زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ پارٹی کا ہر ورکر ایک برابر ہے چاہیے وہ کشمیر کا ہو یا پھر راجوری پونچھ کا سب کو حق ہے کہ وہ اپنے خیالات پیش کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سب کی پریشانیوں کو میں ذاتی طور پر محسوس کررہوں اور سب کے مسائل حل کئے جائےںگے اور ضرورت پڑی تو میں ضلع انتظامیہ کے آفیسران کے ساتھ بھی بات کروں گا تاکہ ورکروں کے مسائل حل ہوسکےں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ ہر ایک کام کرنے کی کوشش کی ہے چاہیے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ایک ہی مشن ہے کہ سب کے کام ہوں اور سب کو حق مل سکے جس کے لئے ہم سب سرگرم ہیں ۔ اس موقع پر پی ڈی پی کے سینئر ورکر منظور شاہ ، شبیر چودھری ، فضل چوہان ،ایڈوکیٹ ظہور بھٹی ،تعظیم ڈار ،ماسٹر اقبال شاہ ، حاجی جمشید ،اسد بری شاہ،مشتاق بٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔