اپوزیشن پارٹی ووٹ بینک کے لئے لوگوں کو گمراہ کررہی ہے :امت شاہ
یواین آئی
جودھپور؍؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کے خلاف کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت کو غلط اور پروپگنڈہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ ووٹ بینک کی سیاست کرکے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں لیکن اس قانون میں کہیں بھی کسی کی شہریت لینے کا کوئی التزام نہیں ہے اور اس سے کسی کو بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔وزیرداخلہ امت شاہ شہریت ترمیمی قانون، سی اے اے اور شہریوں کے قومی رجسٹر این آر سی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آج راجستھان کے جودھپور سے ایک قومی مہم کا آغاز کیا۔ وزیرداخلہ سی اے اے کی حمایت میں ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے ۔ ریاست کے بی جے پی کے صدر ستیش پونیا نے اس ریلی میں 50 ہزار سے زائد لوگوں کی شرکت کی امید ظاہر کی ہے ۔مسٹر شاہ آج سی اے اے کی حمایت میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر کچھ اپوزیشن پارٹی ووٹ بینک کی سیاست کے لئے سی اے اے کے خلاف پروپگنڈے کی مہم شروع کرکے ملک کے عوام کو گمراہ کر نے کے بعد احتجاج و مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہ لوگ جمہوریت کے مفادات کے خلاف جا رہے ہیں جبکہ ہم عوامی بیداری مہم کے تحت عوام کے پاس جاکر سي اے اے کے بارے میں اپنا موقف رکھیں گے ۔ انہوں نے پناہ گزینوں کو قین دہانی دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرے نہیں، بی جے پی اس معاملے میں ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے اور ان کی شہریت کو کوئی نہیں روک سکتا ہے ، چاہے اپوزیشن کی ساری پارٹیاں ایک ہوں۔مسٹر شاہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی 20فیصد سے گھٹ کر تین فیصد پر آ گئے اور بنگلہ دیش میں تیس فیصد سے گھٹ کر سات فیصد رہے گئے ۔انہوں نے کہا کہ محترمہ ممتا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ یہ لوگ کہاں گئے ، مار دیئے یا مذہب تبدیل کر دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ظلم و ستم کا شکار ہوئے کیا یہ انسانی حقوق کی بڑی خلاف ورزی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی ماں اور بہنوں کی عصمت دری کی گئی ، زبردستی نکاح کر ایا گیا جبکہ ملک میں ستر سال میں سرکار آتی رہی لیکن کسی بھی حکومت نے ان کی فکر نہیں کی اور سال 2019 میں نریندر مودی نے پھر سے وزیر اعظم بنتے ہی یہ سب کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مرکزی حکومت نے جموں کشمیر سے دفعہ 370ہٹا کر برسوں سے جو کام نہ ہونے کی بات کی جا رہی تھی وہ کر کے دکھایا۔دہشت گردی کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے سرجیکل اسٹرائیک کی ۔مسٹر شاہ نے کہا کہ گجرات، راجستھان، پنجاب اور دیگر جگہوں پر آئے پناہ گزینوں میں 70فیصد سے زیادہ دلت لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو اس قانون کی مخالفت کر رہے ہیں وہ دلتوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ ممتا سے پوچھنا چاہیں گے کہ بنگالی دلتوں، اور ہندوؤں نے ان کا کیا بگاڑا ہے ، آپ کیوں مخالفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے پناہ گزینوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں ممتا سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، کیونکہ وہ بھلا نہیں چاہتی اور اپنا ووٹ بینک سنبھالنا چاہتی ہیں۔مسٹر شاہ نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی سی اے اے کے سلسلے میں لوگوں میں غلطی فہمی پھیلا کر فساد اورگمراہ کرنے کا کام کررہی ہے لیکن جمہوریت میں عوام کو گمراہ کرنا اتنا آسان نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی قانون کی حمایت میں ملک میں عوامی بیداری مہم چلائے گي اور پانچ جنوری سے ملک بھر میں گھر گھر جا کر لوگوں کو قانون کے بارے میں سمجھائے گی۔ وہ تین کروڑ سے زیادہ لوگوں کے گھر وں تک پہنچے گی اور پانچ سو سے زیادہ اجتماع کرکے لوگوں کو مہم سے جوڑے گی۔بی جے پی نے شہریت ترمیمی قانون کے لئے اپنی حمایت درج کرانے کے مقصد سے لوگوں کے لئے ایک ٹول فری نمبر 8866288662 شروع کیا ہے ۔ لوگ اس نمبر پر مسڈکال دے کر سی اے اے کی حمایت کرسکتے ہیں۔