بینکوں کو ضبط جائیداد بیچ کر وصولی کی ملی اجازت
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے اسپیشل کورٹ نے بینکوں کو وجے مالیا کی ضبط جائیداد بیچ کر قرض وصولی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ کورٹ نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اور دیگر بینکوں کو قرض وصولی کی یہ اجازت فراہم کی ہے۔مفرور بھارتی کاروباری وجے مالیا کے وکلاء نے اعتراض کیا تھا کہ یہ صرف ایک ڈیٹ ریکوری ٹریبونل ہی طے کر سکتا ہے۔ تاہم، عدالت نے اس فیصلے پر 18 جنوری تک اسٹے لگایا ہے، تاکہ مالیا اس حکم کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں اپیل کر سکیں۔ غور طلب ہے کہ شراب کاروباری وجے مالیا پر برطانیہ میں بینکوں کے 9 ہزار کروڑ روپے کا لون نہیں ادا کرنے کا معاملہ چل رہا ہے۔ وہیں، مالیا پر جعل سازی اور منی لانڈرنگ کا الزام بھی ہے۔قابل ذکر ہے کہ بینکوں کے ساتھ دھوکہ دہی کے معاملے میں ملزم وجے مالیا مارچ 2016 میں ہی لندن بھاگ گیا تھا۔ مالیا کو واپس لانے کے لئے مرکزی حکومت اور بھارتی تفتیشی ایجنسیاں مسلسل کوشش کر رہی ہیں، لیکن ابھی تک کامیاب نہیں ہو پائی ہیں۔ وہیں، ای ڈی(ای ڈی) نے کورٹ میں کہا کہ اسے اس کی وصولی میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ادھر، مالیا معاملے میں لندن میں واقع عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ کورٹ جنوری میں وجے مالیا پر فیصلہ سنا سکتا ہے۔