چیف جسٹس نے بزرگوں کیلئے ڈے کئیر اینڈ ریکریشن سنٹر کا افتتاح کیا

0
0

کہا بزرگوں کی قیمتی آراء اور تجربات کی بدولت سماج صحیح راہ پر گامزن ہو گا
لازوال ڈیسک

کٹھوعہ؍؍جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل جو جموں اینڈ کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی سربراہ بھی ہیں ، نے آج ایری گیشن کالونی کٹھوعہ میں بزرگ شہریوں کیلئے احاطہ وقار۔ ٹیک کئیر اینڈ ریکریشن سنٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجیو کمار شکلاء بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر جسٹس گیتا متل نے کہا کہ احاطہ وقار کی بدولت بزرگ شہریوں کی عزت اور وقار کو بحا ل کرنے کے علاوہ اس مرکز پر اُن کے مسائل حل کرنے کا موقعہ بھی فراہم ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی قیمتی آراء اور تجربات کی بدولت سماج صحیح راہ پر گامزن ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ شہری ملک کی طاقت ہیں اور اس ڈے کئیر سنٹر کی بدولت انہیں خوشیاں حاصل ہوں گی اور اس مرکز پر وہ اپنے جنم دن و دیگر اہم تقریبات کا اہتمام کریں گے ۔ انہوں نے دہلی میں قائم سوابھیمان پریسر میں دستیاب سہولیات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز 2016 میں قائم کیا گیا تھا اور انہوں نے بذاتِ خود اپنی رہنمائی میں اس مرکز کو قائم کروایا ۔ انہوں نے بزرگ شہریوں کو یقین دلایا کہ جو سہولیات سوابھیمان پریسر میں دستیاب ہیں اُن سہولیات کو مرحلہ وار طریقے پر احاطہ وقار میں بھی دستیاب رکھا جائے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس سنجیو شکلا نے کہا کہ جج صاحبان معمول کے حالات میں اپنا کام کاج عدالتوں میں انجام دیتے ہیں اور یہ لوگوں کی عام رائے ہے کہ اس طرح کے مراکز کو قائم کرنا ضلع انتظامیہ کا کام ہے لیکن چیف جسٹس جسٹس گیتا متل کی دلی تمنا تھی کہ وہ کٹھوعہ میں بزرگ شہریوں کیلئے یہ مرکز قائم کریں ۔ انہوں نے بزرگ شہریوں سے تلقین کی کہ وہ اس مرکز میں دستیاب سہولیات سے استفادہ کریں ۔ رجسٹرار جنرل جے کے ہائی کورٹ جموں سنجے دھر ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جاوید احمد ، ممبر سیکرٹری لیگل سروسز اتھارٹی جے اینڈ کے ایم کے شرما ، ڈپٹی کمشنر او پی بھگت ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پی ڈی کوتوال ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جتیندر سنگھ جموال ، ڈی جی سوشل ویلفئیر ریہانہ بطول اور ضلع کورٹ کے دیگر ممبران ، چناب ٹیکسٹائیل مل کے سینئر ایگزیکٹو ، بار ایسوسی ایشن کے ممبران اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی ۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خطبہ استقبالیہ جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا