وادی کشمیر کے اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرام منعقد
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وادی کشمیر میں 30اساتذہ کو انسٹی چیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیرو سائنسز ( آئی ایم ایچ اے این ایس) کشمیر میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا جس کے تحت اساتذہ کو سکولی بچوں کی چھوٹی عمر میں منشیات کی بدعت سے بچانے کے لئے اُنہیں تربیت دی گئی۔صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو نے اِس چار روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے سلسلے میں جاری کئے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اَساتذہ کو اِس طرح کی تربیت فراہم کرنے سے سکولی بچوں کو منشیات کی بدعت سے بچانے میں بڑے پیمانے پر مدد ملے گی ۔ اِس ورکشاپ کا اِنعقاد گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے چائیلڈ گائیڈنس اینڈ ویل بینگ سینٹر ۔آئی ایم ایچ اے این ایس نے کیا تھا۔اَتل ڈولو نے کہا کہ سماج کے اِس ناسور سے نمٹنے کے لئے حکومت نے ایک اہم پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت متعلقہ لوگوں کو اِس برائی سے بچنے کے بارے میں بیداری فراہم کرنے اور علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔فائنانشل کمشنر نے اس سے قبل حکومت کی طرف سے قائم کئے گئے نئے میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایسے مریضوں کے لئے جنوری 2020ء تک ڈرگ ڈی ایڈکشن سہولیات کے علاوہ معیاری طبی نگہداشت اور کونسلنگ فراہم کریں۔اُنہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر شراکت داروں کو تلقین کی کہ وہ اِس بدعت کے خاتمے کے لئے جموں وکشمیر میں اپنا رول ادا کریں اور اِس مہم کو کامیاب بنائیں۔پرنسپل جی ایم سی سری نگر پروفیسر پرویز احمد شاہ نے شرکأ میں اسناد تقسیم کرتے ہوئے آئی ایم ایچ اے این ایس کشمیر کی اُن کوششوں کو سراہنا جو انہوں نے سماج کی خدمت کے لئے انجام دی ہیں۔جی ایم سی سری نگر شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر مقبول ڈار نے اس موقعہ پر اُمید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام کی بدولت اساتذہ میں وہ تمام صلاحیتیں پیدا ہوں گی جن کی بدولت وہ بچوں کو منشیات سے دور رہنے میں کامیاب ہوں گے۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال ڈاکٹر اعجاز احمد بابا ، انچارج سی جی ڈبلیو سی ، جی ایم سی ڈاکٹر زید وانی نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔