لازوال ڈیسک
جموں؍؍صحت و طبی تعلیم محکمہ کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو نے آج سانبہ ضلع کے وِجے پور علاقے میں قائم کئے جارہے آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( ایمز) جمو ں کا دورہ کیا۔فائنانشل کمشنر نے پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر فروری 2020ء سے باضابطہ طور کام شروع ہوگا۔فائنانشل کمشنر نے اِس پروجیکٹ کے تعمیراتی کام کو احسن طریقے پر پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال پر زور دیا۔ پروجیکٹ کی عمل آوری ایجنسی سینٹر ل پبلک ورکرس ڈیپارٹمنٹ کے افسروں نے یقین دلایا کہ سول ورک کے لئے ٹینڈر جاری کرنے کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔فائنانشل کمشنرکو بتایا گیا کہ ایمز تک جانے والی دو گلیاروں کی سڑک پر 50فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ صحت عامہ محکمہ کے افسروں نے جانکاری دی کہ تین ٹیوب ویلز کی کھدائی کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔بجلی محکمہ کے حکام نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ریسونگ سٹیشن تعمیر کا کام جاری ہے جس کو اگلے چار ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ 12کلومیٹر ترسیلی لائین کو بچھانے کا کام بھی اب تک مکمل ہوچکا ہے۔بعد میں فائنانشل کمشنر نے وجے پور میں مجوزہ میڈی سٹی کے قیام کے لئے نشاندہ کی گئی جگہ کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے زمین کی فوری منتقلی کے احکامات دئیے۔فائنانشل کمشنر نے نشاندہ کی گئی 380کنال اراضی کے ساتھ مزید اراضی جوڑنے صلاح دی۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں ، ناظم صحت جموں او رڈپٹی کمشنر سانبہ کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔