سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے لئے کھلی

0
0

درماندہ گاڑیوں کو ہی پہلے چلنے کی اجازت
یواین آئی

سرینگر؍؍وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی قریب تین سو کلو میٹر طویل سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی تاہم شاہراہ پر پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔ بتادیں کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ جمعہ کے روز برف باری اور بارشوں کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کردی گئی تھی اگرچہ بعد ازاں شاہراہ کو یک طرفہ ٹریفک کے عبور ومرور کے لئے بحال کرکے درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی تاہم منگل کے روز چندر کوٹ کے مقام پر شاہراہ پر مٹی کا بھاری بھر کم تودہ گر آنے سے ٹریفک کی نقل حمل ایک بار پھر روک دی گئی۔ہائی وے ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر چندرکوٹ پر منگل کے روز گر آئے تودے کے ملبے کو ہٹایا گیا ہے اور شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو اپنے منزلوں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے رات بھر کام کرکے چندر کوٹ کے مقام پر گر آئے مٹی کے تودے کے ملبے کو صاف کیا جس کے نتیجے میں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کی نقل وحمل بحال ہوسکی۔ذرائع نے مزید کہا کہ جواہر ٹنل کے اْس پار قریب جموں جانے والی قریب تین ہزار گاڑیاں جن میں مسافر بردار گاڑیوں کے علاوہ فوجی گاڑیاں بھی شامل ہیں، درماندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان درماندہ گاڑیوں کو جموں کی طرف پیش قدمی کرنے کی اجازت ہے اس دوران مقابل سمت سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ادھر لیہہ۔ سری نگر شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ پر گزشتہ نصف ماہ سے ٹریفک کی نقل وحمل بند ہے۔دریں اثنا لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں وادی میں اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی اور رسوئی گیس کی قلت سے لوگوں کے مشکلات بڑھ جاتے ہیں وہیں وادی میں ہر سو گراں فروشی کا بازار گرم ہونے سے عوام وخواص کا جینا امر محال بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں سبزیوں، مرغ اور گوشت کی قیمتیں یکایک آسمان کو چھونے لگتی ہیں اور متعلقہ محکمہ بھی ریٹوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کوئی عملی کارروائی نہیں کرتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی کے بازاروں میں سرکاری نرخناموں کی پاسداری نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی کہیں مارکیٹ چیکنگ اسکارڑ کہیں نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکاندار خاص کر سبزی ومرغ فروش لوگوں کو دودو ہاتھوں لوٹ رہے ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ محو تماشا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا