کہابھارتیہ جنتا پارٹی ریاست کی خدمت کرتی رہے گی
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ وزیراعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں جیت کے لئے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی قیادت والے اتحاد اور اس کے لیڈر ہیمنت سورین کو آج مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست کی خدمت کرتی رہے گی اور عوام سے وابستہ امور اٹھاتی رہے گی۔مسٹر مودی نے اتخابی نتائج آنے کے بعد ٹوئٹر پر انگریز ی میں کہا کہ جھارکھنڈ انتخابات میں جیت کے لئے جے ایم ایم کی قیادت والے اتحاد اور ہیمنت سورین جی کومبارکباد۔ ریاست کی خدمت کرنے کے لئے انہیں نیک خواہشات۔انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی کو جھارکھنڈ کی برسوں تک خدمت کرنے کا موقع دینے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پارٹی کارکنوں کی ان کی کوششوں کے لئے تعریف بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے وقت میں ریاست کی خدمت کرتے رہیں گے اور عوام سے وابستہ امور اٹھاتے رہیں گے ۔بی جے پی کے ایکزیکیوٹیو صدر جگت پرکاش نڈا نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت میں عوامی حمایت ہی سب سے اوپر ہے ۔ ہم جھارکھنڈ انتخابات میں عوامی فیصلہ کو قبول کرتے ہیں۔ بی جے پی ہمیشہ جھارکھنڈ کی ترقی کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کی ترقی کے ہر معاملہ کو اٹھاتے رہیں گے ۔ ہمار ے کارکنوں اور ریاست کے عوام کا شکریہ۔خیال رہے کہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شدید جھٹکا لگا ہے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور کانگریس کا اتحاد اکثریت حاصل کرتا نظر آرہا ہے ۔ وزیراعلی رگھوور داس جمشید پور مشرق سے ، بی جے پی کے ریاستی صدر لکشمن گلوا چکردھرپور سے اور اسمبلی کے اسپیکر دنیش اراوں سسئی اسمبلی حلقہ سے اپنے اپنے نزدیکی حریفوں سے بڑے فرق سے پیچھے ہیں