سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع
سری نگر؍؍وادی کشمیر میں 40 دنوں پر محیط بادشاہ زمستان چلہ کلان ہفتہ کے روز با قاعدہ مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہوا اس دوران اگرچہ وادی میں رات کا درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجما د سے نیچے درج ہوا تاہم مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں قدرے کمی درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی ایک مقامات پر ہلکے برف وباراں کی توقع ہے تاہم 22 دسمبر سے27 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔بتادیں کہ وادی میں سخت ترین سردیوں کا بادشاہ چلہ کلان ہفتہ کے روز مسند اقتدار پر حسب روایت متمکن ہوا۔ چلہ کلان اپنی 40 روزہ حکومت کے دوران تیکھے تیور دکھانے کے لئے وادی کے نہ صرف گوشہ وکنار میں بلکہ اہلیان وادی بلا لحاظ عمر جنس میں بھی مشہور ہے۔ادھر وادی میں گزشتہ روز برف باری کے باعث بند ہونے والا ہوائی ٹریفک ہفتہ کے روز بحال ہوا تاہم وادی کا ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ فی الوقت منقطع ہے۔ائر پورٹ ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وادی میں ہفتہ کی صبح سے ہی فضائی ٹرانسپورٹ بحال و برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح امرتسر سے پہلی پرواز وارد وادی ہوئی۔وادی کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ جمعہ کی سہ پہر سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے مسلسل بند ہے جبکہ سری نگر۔لیہہ شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ بھی مسلسل بند ہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر۔ جموں قومی شاہرا پر گزشتہ روز برف باری اور بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آئے تھے جس کے نتیجے میں شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر مٹی کے تودوں کے ملبے کو صاف کرنے کے لئے شد ومد سے کام جاری ہے جوں ہی شاہراہ قابل عبور ومرور ہوگی تو ہہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔وادی میں اگرچہ بادشاہ زمستان چلہ کلان تخت نشین ہوا ہے تاہم مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے منفی درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردی میں بھی قدرے تفاوت واقع ہوئی ہے اور ہفتہ کے روز موسم خشک مگر مطلع دن بھر ابر آلود رہا۔سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5ڈگری سینٹی گریڈ، قاضی گنڈ میں منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔