قومی مفاد کو بالا تررکھیں لوگ :نائیڈو
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے لوگوں سے قومی مفاد کو بالا تر رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ انہیں تشدد میں شامل نہیں ہونا چاہئے ۔ مسٹر نائیڈو نے یہاں نائب راشٹر پتی بھون میں کتاب ‘ٹربولینس اینڈ ٹریمف- دی مودی ائیرس ’ کا اجراء کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آئین کی روح کے مطابق پرامن اور جمہوری طریقے سے کام کرنا چاہئے اور ان کے ہر کام میں ملک کا مفاد سب سے بالا تر ہونا چاہئے ۔ یہ کتاب وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘ریفارم ، پرفارمنس اینڈ ٹرانسفارم ’ نعرہ سے متاثر ہو کر راہل اگروال اور بھارتی ایس پردھان نے لکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان کے ہر کام کے مرکز میں قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہئے اور تشدد سے گریز کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کی ایک مضبوط بنیاد ہے اور ان کا ہر کام پرامن، جمہوری اور آئین کی روح کے مطابق ہونا چاہئے ۔ ملک کے اتحاد، سلامتی ، سالمیت اور خودمختاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ لوگوں کو تخلیقی اور مثبت طریقے سے سامنے آنا چاہئے ۔ لوگوں کو ایسا کچھ نہیں کرنا چاہئے جس سے ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچتا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنا چاہئے اور پارلیمنٹ جیسے فورم کا استعمال عوامی مسائل اٹھانے کے لئے کیا جانا چاہئے ۔ مسٹر نائیڈونے کہا کہ مسٹر مودی حالات میں تبدیلی لانے کے لئے مسلسل کوشش کر رہے ہیں اور مہاتما گاندھی کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کر رہے ہیں ۔ سوؤچھ بھارت ابھیان ، میک ان انڈیا، اسکل انڈیا، بیٹی بچاؤ بیٹی بچاؤ جیسے پروگرام اسی سمت میں اہم قدم ہیں ۔ انھوے نے کہا کہ مسٹر مودی کی کوشش سے عالمی فورم پر ہندوستان کی شبیہ میں بہتری آئی ہے اور دنیا میں ہندوستان کو نئی پہنچان مل رہی ہے اور اس کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ نائب صدر نے امریکہ کے سابق صدر براک اوباما کے مسٹر مودی پر تبصرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسٹر مودی کو ‘ریفارم ان چیف’ کہا ہے ۔