یواین آئی
نئی دہلی؍؍ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ مسلح سرحدی دستہ (ایس ایس بی) داخلی سلامتی کے نئے چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور نیپال اور بھوٹان جیسے دوست ملکوں سے ملحق سرحدوں کی بخوبی حفاظت کررہا ہے ۔مسٹر شاہ نے ایس ایس بی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر یہاں اپنے خطاب میں کہا کہ اس فورس کے مستعد جوانوں نے نیپال سے لگی ہوئی سرحد پر اس سال 56 افراد کو حراست میں لیا جس میں زیادہ تر پاکستان اور بنگلہ دیش کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فورس کے جوانوں کی مستعدی کی وجہ سے ہی نیپال اور بھوٹان کی سرحد سے تیسرے ملک کے شہریوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام کیا گیا ہے ۔ ایس ایس بی نے نیپال اور بھوٹان کی سرحد کے راستے 380 کروڑ روپے سے زیادہ کی منشیات ضبط کی ہے ۔ وزیر داخلہ نے اپنی تقریر سے پہلے مرکزی پولیس دستوں کے ان 35 ہزار جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے گزشتہ برسوں میں مادر وطن کی حفاظت اور اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کردی ۔ اس موقع پر انہوں نے جھارکھنڈ کے مقام دمکا میں نکسلیوں سے لڑتے ہوئے عظیم قربانی دینے والے ایس ایس بی کے جوان نیرج چھیتری کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس بی کے جوان صفر سے 46 ڈگری نیچے جیسی ٹھنڈک اور 47 ڈگری درجہ حرارت کے گرم ترین حالات میں سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔