جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج یہاں ایسو سی اسٹیڈی چمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف اِنڈیا ( اے ایس ایس او سی ایچ اے ایم ) کے جے اینڈ کے شاخ کا افتتاح کیا۔ریڈی سن بیلو ہوٹل میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف صنعت کاروں اور میڈیا برادری کے ساتھ استفساری سیشن منعقد کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ موجودہ حکومت یونین ٹریٹری جموںوکشمیر میں ملک و بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں منعقد ہونے والے گلوبل انوسٹرس سمٹ کے دوران یونین ٹریٹری کے خاص سیکٹروں کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت مختلف سیکٹروں کو ترقی دینے کے عمل میں تیزی لارہی ہے اور اس کے علاوہ صنعتی سیکٹر کو مزید فروغ دینے کے لئے نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ کر رہی ہے۔یونین ٹریٹری میں روزگار کے مواقعوں میں او رزیادہ اضافہ کرنے کا ذکرکرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک منظم روزگار کی پالیسی تشکیل دی جارہی ہے جس میں خود روزگار سکیمیں بھی شامل ہیں۔نئے کار خانہ داروں کی حوصلہ افزائی کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئے کار خانہ داروں کا حوصلہ بڑھانے اور انہیں ضروری تعاون فراہم کرنے کے لئے حکومت جموں وکشمیر میں آئی ٹی بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے کے اقدامات کرر ہی ہے۔صدر اے ایس ایس او سی ایچ اے ایم بی کے گوینکا نے بھی اِس موقعہ پر یقین دِلایا کہ مستقبل قریب میں اے ایس ایس او سی ایچ اے ایم جموں وکشمیر میں آئی ٹی سمٹ منعقد کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنرنے مزید کہا کہ جے اینڈ کے کو طبی سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لئے ایک اہم منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔