واشنگٹن؍؍گزشتہ ہفتہ سعودی فضائیہ کے لیفٹیننٹ کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کے بعد فلوریڈا میں امریکی بحریہ کے ایک اڈہ پر زیر تربیت 175 سعودی ہوا بازوں کو ‘حفاظتی اقدامات’ کے تحت گراؤنڈ کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ سعودی فضائیہ کے 21 سالہ اہلکار لیفٹیننٹ محمد سعید الشامرانی نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔بعدازاں پولیس کی فائرنگ سے محمد سعید الشامرانی ہلاک ہوگیا تھا۔ میڈیامیں شائع رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے مطابق امریکی تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ سعودی فضائیہ کے زیر تربیت اہلکار نے فلوریڈا کے شہر پینساکولا میں بحریہ کے ایک اڈے پر تنہا کارروائی کی۔ مذکورہ واقعہ کے بعد یمن میں جنگ اور گزشتہ برس ‘واشنگٹن پوسٹ’ کے کالم نگار جمال خاشقجی کے قتل کے معاملہ پر کانگریس میں سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات پر ایک مرتبہ پھر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی شاہی خاندان اور ولیعہد محمد بن سلمان کے اقدامات کے سخت ناقد سمجھے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو مبینہ طور پر استنبول میں قائم سعودی سفارتخانے میں قتل کردیا گیا تھا۔امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور دیگر مغربی حکومتوں نے الزام لگایا تھا کہ محمد بن سلمان نے صحافی خاشقجی کے قتل کے احکامات جاری کئے تھے تاہم سعودی حکام کا کہنا تھا کہ اس میں ولیعہد کا کوئی کردار نہیں تھا۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے سعودی ولیعہد اور دیگر سعودی حکام کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔فلوریڈا میں امریکی بحریہ کے ایک اڈہ پر حملے کے بعد زیر تربیت سعودی ہوا بازوں کیلئے صورتحال مایوس کن ہوگئی ہے ۔اس ضمن میں امریکی بحریہ کے ترجمان لیفٹیننٹ اینڈریا نا جینولیڈی نے بتایا ‘‘سعودی عرب کے زیر تربیت ہواباز کے لیے حفاظتی اقدامات اور‘آپریشنل تعطل’ (9 دسمبر) سے شروع ہوا’’۔ ایک اور امریکی عہدے دار کا کہنا تھا کہ سعودی طالبعلموں کو گراؤنڈ کرنے کا مقصد بالآخر اپنی تربیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار کرنا ہے اور اگر ایسا کوئی واقعہ امریکی فوجی دستے میں پیش آتا تو اسی طرح کا طریقہ کار اختیار کیا جاتا۔اینڈریانا جینولیڈی نے کہا کہ گراؤنڈنگ میں تین مختلف فوجی سہولیات شامل ہیں- نیول ایئر اسٹیشن پینساکولا، نیول ایئر اسٹیشن وائٹ فیلڈ اور نیول ایئر اسٹیشن میپورپورٹ جو سبھی فلوریڈا میں ہی ہیں۔