لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍تعلیمی اداروں کے ساتھ اپنے رشتے کوتقویت بخشتے ہوئے جموں و کشمیر بینک نے کل سینٹرل یونیورسٹی کشمیرکے گرین کیمپس گاندربل میں ایک سروس کاؤنٹر کا افتتاح کیا جس کا مقصد یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہزاروں طالب علموں اور یونیورسٹی عملے تک جدید اور آسان بینکنگ خدمات پہنچانا ہے۔ اس سروس کاؤنٹر کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چیف لائبریرین ڈاکٹر عبدالمجید بابا، ڈپٹی رجسٹرار جاوید احمد، اسسٹنٹ رجسٹرار امتیاز احمد پرے، بینک کے کلسٹر ہیڈ پرویز احمد، جے کے بینک بیہامہ گاندربل برانچ کے برانچ ہیڈ ، یونیورسٹی کا دیگر انتظامی عملہ اور بینک کے متعدد سینئر افسراں بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اس سال مئی کے مہینے میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیر اورجے کے بینک کے مابین ایک آپسی معاہدہ بھی طے پایا ہے اور گرین کیمپس میں بینک کا ایک ATM بھی وقف رکھا گیا ہے ۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سینٹرل یونیورسٹی ایک دانش گاہ کے بطور دانشوروں کو پیدا کرتا ہے وہاں جے کے بینک معاشی وسائل اور جدید بینک کاری سہولیات سے سماج کی خدمت کر رہا ہے۔انہوں نے بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینک ہمیشہ یونیورسٹی کو اپنی خدمات بہم رکھنے کیلئے پیش قدمی کر رہا ہے اور ہم بھی جے کے بینک کے ساتھ باہمی طور کام کرنے میںفخر محسوس کر رہے ہیں۔بینک کے کلسٹر ہیڈ نے کہا کہ سماج کے دیگر طبقوں کے علاوہ طالب علموں کو آسائش پہنچانے کیلئے جموں و کشمیر بینک ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جے اینڈ کے بینک کا ایک مشن ہے اور بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر بھی خاص طور جموں و کشمیر اور لداخ خطوں میں سبھی طرح کے بڑے اداروں کے ساتھ ایک پا ئیدار رشتہ قائم کرنے کے متمنی ہیں۔کلسٹر ہیڈ نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کیلئے ہر ممکن بینکنگ خدمات پہنچانا بینک کا عزمِ مسلسل ہے۔