لازوال ڈیسک
بسنت گڑھ؍؍عوام تک آسان بینکنگ سہولیات اور انکی نزدیک رسائی پہنچاتے ہوئے جموں و کشمیر بینک نے بسنت گڑھ جموں میں اپنی ایک نئی آٹو میٹڈ ٹیلر مشین (ATM) کا افتتاح کیا۔ افتتاحی رسم بینک کے زونل ہیڈ جموں نارتھ سشیل کمار گپتا نے انجام دی۔ انکے ہمراہ کلسٹر ہیڈ راجیش گپتا ، بسنت گڑھ برانچ کے برانچ منیجر دیس راج، بینک کے کئی سینئر افسراں اورمعزز شہریوں کی بھاری تعداد موجود تھیں۔ اس اے ٹی ایم کو چالو کرنے میں ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور اس سے علاقے کے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بینکنگ مہیا رہے گی۔ ان باتوں کا اظہار بینک کے زونل ہیڈ نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک اپنے ایک مشن موڈ پر جموں و کشمیر کے عوام کو عالمی سطح کی بینکنگ سہولیات پہنچانے کا عزم لئے ہوئے ہے اور بینک عوام کی آسائش کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد زونل ہیڈ نے بینک گاہکوں اور مقامی کاروباریوں سے تفصیلاً گفت و شنید کی اور اُنہیں بینک کی مختلف کار آمد اسکیموں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں، بے روزگار پڑھے لکھے نوجوانوں اور تاجروں کیلئے جے کے بینک کی متعدد اسکیمیں موجود ہیں جن سے سماج کی ترقی یقینی بن سکتی ہے۔مقامی لوگوں نے بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بینک خدمات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی میں جموں وکشمیر بینک ایک نمایاں رول نبھا رہا ہے۔