اناؤ متاثرہ کو فوری طور پرسیکورٹی کیوں نہیں دی گئی:پرینکا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اتر پردیش کے اناؤ آبروریزی متاثرہ کی موت پر دکھ اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ اناؤ کے گذشتہ واقعہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے متاثرہ کو فوری طور پرسیکورٹی کیوں نہیں دی گئی مسز واڈرا نے ہفتہ کو ٹوئٹ کرکے کہا‘‘میں ایشورسے دعا کرتی ہوں کہ اناؤ متاثرہ کے خاندان کو اس دکھ کی گھڑی میں ہمت و استقلال دے ۔یہ ہم سب کی ناکامی ہے کہ ہم اسے انصاف نہیں دے پائے ۔ سماجی طور پر ہم سب مجرم ہیں لیکن یہ اتر پردیش میں کھوکھلے ہو چکے قانون کے نظام کوبھی واضح کرتا ہے ’’۔ انہوں نے کہا‘‘اناؤ کے گذشتہ واقعہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے متاثرہ کو فوری طور پر سیکورٹی کیوں نہیں دی گئی؟ جس افسر نے اس کا ایف آئی آر درج کرنے سے منع کیا اس پر کیا کارروائی ہوئی؟ اتر پردیش میں ہر روز خواتین پر جو ظلم ہو رہا ہے ، اس کو روکنے کے لئے حکومت کیا کر رہی ہے ؟ ’’ قابل غور ہے کہ قومی دارالحکومت کے صفدر جنگ اسپتال میں اناؤ آبروریزی متاثرہ کی جمعہ کو دیر رات موت ہو گئی۔ اس سے قبل جمعرات کی صبح اناؤ میں پانچ ملزمان نے اس پر پٹرول ڈال کر جلا دیا تھا۔ ان ملزمان میں سے ایک متاثرہ کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کا کلیدی ملزم بھی تھا۔ صفدر جنگ اسپتال کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے صدر ڈاکٹر شلبھ کمار نے بتایا کہ لڑکی کو نازک حالت میں پانچ دسمبر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن گزشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اس کی طبیعت تیزی سے بگڑنے لگی۔ ڈاکٹروں نے ادویات کی ڈوزبھی بڑھائی لیکن تقریباً 11.10 بجے اس کو دل کا دورہ پڑا اور 11.40 پر اس نے آخری سانس لی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی جی توڑ کوششوں کے باوجود متاثرہ کو نہیں بچایا جا سکا۔ متاثرہ کی موت کے بعد اناؤ کے قصبہ بہا ر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے مذکورہ قصبہ کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں کے لوگوں میں کافی اشتعال پایا جاتاہے ۔مقامی رہائشی دودنوں سے اپنے گھروں سے باہر نہیں نکلے ہیں۔