اگلے ہفتے قلمدانوں کی تقسیم متوقع
یواین آئی
ممبئی؍؍مہاراشٹر میں برسراقتدار مہاوکاس اگھاڑی کے وزرا کے قلمدانوں کے تعلق سے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اورراشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شردپوار سمیت دونوں پارٹیوں کے لیڈران کی میٹنگ کل رات دیر گئے منعقد ہوئی جس میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے شردپوار، اجیت پوار، جینت پاٹل شامل ہوئے جبکہ شیوسینا کی جانب سے ادھو ٹھاکرے ، ایکناتھ شندے ،سنجے راوت، سبھاش دیسائی موجود تھے ۔ البتہ اس میٹنگ میں کانگریس کا کوئی بھی لیڈر موجود نہیں تھا۔جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزرا کے قلمدانوںکا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا نیز ٹھاکر ے کی قیادت والی وزارت میں توسیع ناگپور میں ہونے والے سرمائی اجلاس کے بعد عمل میں آئے گی۔موصولہ اطلاع کے مطابق کل ممبئی کے ورلی علاقے میں واقع نہرو سینٹر میں منعقدہ میٹنگ میں قلمدانوں کی تقسیم کا معاملہ تقریباً طے ہوچکا ہے صرف کانگریس کے لیڈران سے منظوری حاصل کرکے حتمی شکل د ی جائے گی اور باقاعدہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ وزارت میں توسیع اسمبلی اجلاس کے بعد عمل میں آئے گی نیز جب تک کہ وزارت داخلہ کا اہم محکمہ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے پاس ہی رہے گا۔ادھوے ٹھاکرکے کے ہمراہ کانگریس کے بالا صاحب تھورات،نتن راوت، راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے چھگن بھجبل، جینت پاٹل جبکہ شیوسینا کے سبھاش دیسائی اور ایکناتھ شندے حلف برداری شیواجی پارک میں۲۸؍نومبر کو عمل میں آئی تھی۔ان وزرا نے صرف بطور وزیر ہی حلف لیا تھا اور ان کو اب تک کوئی بھی محکمہ نہیں دیا گیا ہے ۔بی جے پی ترجمان مدھوبھنڈاری نے اس تعلق سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وزرا کو اب تک قلمدان تقسیم نہیں کیا گیا اس سے ریاست کے عوام کا بڑانقصان ہو رہا ہے ۔ وزرا صرف اپنے دفاتر میں بیٹھے ہوئے ہیں انہیں اب تک یہ نہیں معلوم کہ انہیں کون سی وزارت دی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ منترالیہ میں کوئی کام نہیں ہو پا رہا ہے ۔