لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے ۔ کے ۔شرما نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل کم سے کم وقت میں حل کرنے کی وعدہ بند ہے تاکہ انہیں دیگر ترقی یافتہ خطوں کے مساوی معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اُنہوں نے کہاکہ اِس طرز عمل سے مختلف محکموں اور عمل آوری ایجنسیوں میں جواب دہی کے عنصر کو فروغ دیا جارہا ہے ۔کے ۔ کے ۔ شرما نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں ایک عوامی دربار کے دوران کیا جس میں 450 لوگوں پر مشتمل 50وفود اور 85اَفراد نے اپنے مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے۔مشیر موصوف نے کہا کہ فلاحی سکیموں کی تیز تر عمل آوری اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔جن وفود نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی اُن میں دوردراز علاقوں میں تعینات کئے گئے کنٹریکچول اساتذہ ، رہبر تعلیم اساتذہ ، شارٹ لسٹ کئے گئے اُمید وار ، ایجوکیشن والنٹر، اعلیٰ تعلیم محکمہ میں تدریسی اِنتظامات پر تعینات کئے گئے لیکچرر اور دیگر کئی وفود شامل ہیں۔ہوسٹل وارڈنز اور مختلف پالی ٹیکنیکل کالجوں میں تدریسی انتظامات کے تحت کام کرنے والے لیکچرروں نے نوکری کی مستقلی کا مطالبہ کیا۔محکمہ بجلی میں یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ورکروں نے اپنے مشاہرے کی واگزاری اور نوکری کی مستقلی کی مانگ کی۔چالان ۔بلاور ، ماہور ۔راجوری سے آئے وفود نے سڑکوں کی تعمیر و تجدید اور بجلی کی صورتحال کی بہتری کا معاملہ مشیر کی نوٹس میںلایا۔ آل جموں ہوٹیلز اینڈ لاجس ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے ایسٹیٹیس محکمہ کو دئیے گئے ہوٹل کمروںکے کرایہ میں اضافہ کی مانگ کی۔بلاور سے آئے ایک وفد نے علاقے میں یونیورسٹی کیمپس اور کیندریہ ودھیالیہ سکولوں کے قیام کی مانگ کی۔مشیر موصوف نے وفود کے ساتھ بات چیت کے دوران اُنہیں یقین دلایا کہ لوگوں کے جائزہ مطالبات پور ا کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔بعد میں مشیر نے جموں ٹریڈریس ایسو سی ایشن کے صدر اور سینئر نائب صدر کی سربراہی میں آئے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جنہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کو اُن کی نوٹس میںلائے۔کے ۔ کے۔ شرما نے اُن کے مسائل کے بروقت ازالے کا یقین دِلاتے ہوئے کہا کہ اُن کے انکم ٹیکس ریٹر ن داخلے کے لئے مخصوص آئی ٹی سینٹرقائم کرنے پر غور کیا جائے گا۔اِسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشتاق صدیقی نے بھی مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کر کے یونیورسٹی سے جڑے کئی معاملا ت پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔