لازوال ڈیسک
جموں؍؍حکومت نے آج گروپ پرسنل ایکسیڈنٹل انشورنس پالیسی کی عمل آوری بذریعہ اورنٹل انشورنس کمپنی لمٹیڈ تین برس کی مدت کے لئے 2؍ دسمبر 2019 ء سے شروع ہونے کی منظوری کے احکامات جاری کئے ۔محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے مطابق جے اینڈ کے حکومت کے لگ بھگ 3.50لاکھ ملازمین اِس پالیسی سے مستفید ہوں گے۔اِن میں گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ ، پی ایس یوز ، آٹونامس باڈیز ، لوکل باڈیز ،یونیورسٹیوں ،یومیہ اُجرت والے ملازمین ، کنسالڈیٹیڈ / کنٹریکچول / ایڈ ہاک / کنٹنجنٹ ورکر اور ایس پی اوز بھی شامل ہوں گے۔اِس پالیسی کے تحت ہر ملازم کو سالانہ 346روپے کا پریمیم ادا کرتے ہوئے 10لاکھ روپے کی رقم کا انشورنس فراہم ہوگا۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈرائنگ و ڈسبرسنگ افسران دسمبر 2019ء سے تمام ملازمین کی تنخواہ سے 346روپے کی رقم کی کٹوتی عمل میں لائیں گے۔اِس سلسلے میں گورنمنٹ آف جموں اینڈ کشمیر او راورنٹل انشورنس کمپنی لمٹیڈ کے درمیان ایک تفصیلی مفاہمت نامہ تیار کیا جائے گا۔