مقامی لوگوں کا متعلقہ حکام سے مربوط ڈرینیج سسٹم تعمیر کرنے کا مطالبہ
یواین آئی
سرینگر؍؍شہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ مالورہ سری نگر کی مخدوم کالونی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کالونی کی رابطہ سڑکیں معمولی بوندا باندی سے ہی زیر آب آکر راہگیروں بالخصوص بزرگوں، بچوں اور خواتین کے چلنے پھرنے میں اس قدر روڑے اٹکاتی ہے کہ ان کا ہفتوں تک گھروں سے باہر نکلنا امر محال بن جاتا ہے۔لوگوں کا الزام ہے کہ رابطہ سڑکوں کے گرد مربوط ڈرینیج سسٹم کا نہ ہونا سڑکوں پر معمولی بوندا باندی سے پانی جمع ہونے کی بنیادی وجہ ہے۔مقامی لوگوں نے خستہ حال سڑکوں سے انہیں درپیش مشکلات کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا: ‘مخدوم کالونی کی رابطہ سڑکیں معمولی بوندا باندی سے زیر آب آتی ہیں اور پھر پانی ہفتوں تک سڑکوں کے گہرے گڑوں میں جمع رہتا ہے جس کے باعث جہاں گرمی میں مختلف وبائی بیماریاں پھوٹنے کے خطرات لاحق ہوجاتے ہیں تو وہیں بزرگوں، بچوں اور خواتین گھروں میں ہی محصور ہوجاتی ہیں کیونکہ سڑکوں پر ان کا چلنا پھرنا امر محال بن جاتا ہے’۔کالونی کے ایک باشندے نے کہا کہ اگر رابطہ سڑکوں کے گرد مربوط ڈرینیج سسٹم ہوتا تو شاید سڑکیں زیر آب نہ آتی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں بارہا لایا لیکن کسی کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ متاثرہ لوگوں نے متعلقہ حکام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ علاقے کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت کے لئے فوری اقدام کرے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ ہوسکے۔