نئی دہلی ،یکم دسمبر(یواین آئی)درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی تنظیموں کی آل انڈیا فیڈریشن کے چیئر مین ادت راج نے مودی حکومت کو بے حس اور گونگی بہری قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری اداروں کی نجکاری کرکے ریزرویشن کو ختم کرنے کی سازش کررہی ہے اس لیے اس کی پالیسیوں کے خلاف عوامی تحریک کی ضرورت ہے ۔سابق رکن پارلیمان ادت راج نے اتوار کو ملک کے مختلف حصوں سے یہاں رام لیلا میدان میں جمع ہوئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کا ہرقدم دلت ،آدی واسی ،کسان اور غریب مخالف ہے ۔یہ حکومت ریزرویشن مخالف ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے وہ سرکاری کمپنیوں کی نجکاری کررہی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ مودی حکومت تقریروں اور ریلیوں سے ماننے والی نہیں ہے کیونکہ وہ آئینی اقدار پر عمل نہیں کررہی ہے اس لیے آئینی ضابطوں کو ختم کرنے پر بضد ہے ۔حکومت کا ہدف ریزرویشن کوختم کرنا ہے اور اس کے لیے اس نے سرکاری اداروں اور کمپنیوں کی نجکاری کا راستہ منتخب کیاہے ۔اس کمپنیوں کی نجکاری ہونے کے بعد وہاں ریزرویشن نافذنہیں کیاجاسکے گا اور ملک میں ریزرویشن کا نظام از خود ختم ہوجائیگا۔انھوں نے کہاکہ جس رفتار سے یہ حکومت نجکاری کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے اسے روکنا اب آسان نہیں ہے ۔اس پالیسی کے خلاف اس حکومت سے ٹکرانے کی ضرورت ہے ۔ اس حکومت کا مقابلہ تقریروں ،ریلیوں یا اس طرح کے پروگراموں سے نہیں بلکہ تحریک کے ذریعہ کرنا ہوگا ۔سبھی دلتوں اور آدی واسیوں کو اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر اترنا ہوگا ۔