لوگ بھاجپاکوموقعہ دیں ،اورپھرترقی وخوشحالی دیکھیں :اشوک کول
قاضی گنڈ؍ :کے این ایس / 5،اگست کومین اسٹریم لیڈروں کی نظربندی اورسیاسی سرگرمیوں پرغیرمعینہ عرصہ کیلئے عائدکردہ پابندیوں کے بعدکشمیروادی میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیرمیں پہلاسیاسی جلسہ منعقد ہوا،جس میں پارٹی کی ریاستی شاخ کے ذمہ دار،کئی ضلع صدوراوردرجنو ں سرگرم کارکن بھی شامل ہوئے ۔کشمیرنیوزسروس(کے این ایس)کے مطابق ٹائون ہال قاضی گنڈمیں سخت سیکورٹی کے بیچ منعقدہ ورکرس کنونشن میں بھاجپاکے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول اورنائب صدرصوفی یوصف نے خاص طورپرشرکت کی ۔اشوک کول نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اورکانگریس کوہدف تنقیدبنایا۔انہوں نے الزام لگایاکہ ان پارٹیوں نے جموں وکشمیرمیں کورپشن کوفروغ دیاکیونکہ یہ لوگ خودبھی کورپٹ تھے ۔اشوک کول کاکہناتھاکہ این سی ،پی ڈی پی اورکانگریس سے وابستہ لیڈروں نے کشمیری عوام کااستحصال کرنے کیساتھ ساتھ تعمیروترقی اورفلاحی کاموں کوبھی پس پشت ڈال دیا۔اشوک کول نے کہاکہ ان پارٹیوں نے گزشتہ7دہائیوں کے دوران جموں وکشمیراوریہاں کے لوگوں کوکچھ نہیں دیابلکہ جوکچھ بھی کیا،اپنے لئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام نے نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اورکانگریس کوجموں وکشمیرمیں حکمران بنایالیکن ان جماعتوں کے لیڈروں نے صاحب اقتداررہنے کے دوران خوب لوٹ مچائی اورانتظامیہ کوبھی کورپشن کی کھلی چھوٹ دی گئی ۔اشوک کول نے سخت لہجے میں کہاکہ گزشتہ ستربرسوں سے جس کسی لیڈریاحاکم نے کورپشن سے اپنے ہاتھ رنگے ہونگے ،اُن سبھی کوحساب دیناپڑے گا،کیونکہ اب حساب کاوقت آگیاہے ۔انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکرکہاکہ آپ لوگوں نے جمہوری عمل میں حصہ لیکر نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اورکانگریس کوحکومت کرنے کاباربار موقعہ دیا،اوران کی حکمرانی آپ کے سامنے ہے ،اب بھاجپاکوموقعہ دیجئے گا،اورپھردیکھیں کہ حکمرانی کیاہوتی ہے اورجموں وکشمیرکوکیسے ترقی کی راہ پرگامزن کیاجاسکتاہے۔بھاجپاکے ریاستی جنرل سیکرٹری کامزیدکہناتھاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات ہونگے تویہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورپٹ اوراستحصالی عناصر اورپارٹیوں کومستردکرکے بھاجپاکوخدمت کاموقعہ دیں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپاپرفرقہ پرستی کاالزام لگانے والے لوگ جانتے ہیں کہ اُن کے سیاسی دکانات بہت جلدبندہونے والے ہیں ۔قاضی گنڈٹائون ہال میں منعقدہ کنونشن کے دوران این سی،پی ڈی پی ،کانگریس سے وابستہ منتخب کئی سرپنچوںاورپنچوں کے علاوہ بی ڈی سی چیئرمین قاضی گنڈسجاداحمد نے بھی بھاجپامیں شمولیت اختیارکی ۔اس موقعہ پربھاجپاکی ریاستی شاخ کے نائب صدرصوفی یوصف نے بھی کنونشن سے خطاب کیا،اورکہاکہ اب کشمیرمیں بھارتیہ جنتاپارٹی ایک مضبوط اورفعال سیاسی جماعت کے طوراُبھررہی ہے ،کیونکہ لوگ جوق درجوق اس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔بھاجپاکے ضلع صدراننت ناگ محمدرفیق وانی اورضلع صدرکولگام غلام نبی ڈارنے بھی کونشن سے خطاب کیا۔