یو این آئی
حیدرآبا//آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے ریاستی دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کیلئے مختلف مقامات سے لائی گئی مٹی کو جھک کر نمستے کیا۔ان کے اس قدم سے اچانک تمام لوگ حیرت زدہ ہوگئے ۔چندرابابو نے امراوتی کے دورہ کے موقع پر اُڈنڈارایاپالیم علاقہ میں اچانک جھک پر مٹی کو جھک کر نمستے کیا۔انہوں نے اس علاقہ کا معائنہ کیا۔ساتھ ہی انہوں نے اس سنگ بنیاد کی تختی کا بھی معائنہ کیا جو عالمی درجہ کے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے لگائی گئی تھی۔اس موقع پر انہوں نے دارالحکومت کے نمونہ کا بھی معائنہ کیا۔چندرابابو کسانوں کے ساتھ نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے رکھے گئے سنگ بنیاد کے مقام پرپہنچے ۔اس علاقہ کے کسانوں اور خواتین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔چندرابابو حکومت نے لینڈ پولنگ کے ذریعہ کسانوں سے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کی تھی اور کسانوں کو اس کے متبادل اراضی الاٹ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔چندرابابو نے الزام لگایا کہ جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت موجودہ وائی ایس آرکانگریس حکومت نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کو نظر انداز کررہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ امراوتی کی تعمیر کو روک دینا دراصل اس کیلئے 33ہزار ایکڑ اراضی دینے والے کسانوں کی توہین ہے ۔اس موقع پر کسانوں نے عالمی درجہ کے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے پلے کارڈس کے ساتھ مظاہرہ کیا۔