سپریا سولے نے ایم ایل ایز کا استقبال کیا
ممبئی27؍نومبر (یواین آئی )ریاست مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج یہاں مہاراشٹر اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا جس کے دوران نومنتخب اراکین اسمبلی کو پورٹیم اسپیکر کالیداس کولمبکر نے ان کے عہدے کا حلف دلایا ۔اس موقع پر این سی پی کی ایم۔پی اور شردپوار کی صاحبزادی سپریا سولے صدر دروازے پر کھڑی تھیں اور انہوں نے سبھی کا استقبال کیا ،ان میں سابق وزیراعلی دیویندرفڑنویس بھی شامل تھے ۔صبح آٹھ بجے رسم حلف برداری کا آغاز ہوا -رسم حلف برداری کی تقریب میں شیوسینا ، این سی پی ،کانگریس اور بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔رسم حلف برداری میں بی جے پی کے ارکان اسمبلی بھی شامل ہوئے اور پورٹیم اسپیکر نے انہیں بھی عہدے کا حلف دلایا ۔لیکن بی جے پی اراکین ان نروس نظر آئے ۔اور ان کے چہروں سے ہوا آڑی ہوئی تھی۔نومنتخب ممبران اسمبلی کو ان کی اسمبلی کی میعاد کے مطابق حلف برداری کیلئے طلب کیا گیا جبکہ پہلی مرتبہ اراکین اسمبلی منتخب ہوئے ممبران کو آخر میں حلف دلایاجائیگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے فڑنویس کو شام 5بجے تک اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا حکم دیا تھا،لیکن نائب وزیراعلی اجیت پوار کے استعفے کے بعد صورتحال بدل کر رہ گئی اور شام ساڑھے تین بجے فڑنویس نے بھی گورنر کو استعفیٰ سونپ دیاتھا۔