رواں ماہ میں برف وباراں کا چوتھا مرحلہ درجہ حرارت میں مزید گرائوٹ ریکارڈ ، سردی کی شدت میں اضافہ
کے این ایس
سرینگر؍ : / کشمیر وادی میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو رواں ماہ کے دوران برف وباراں کا تازہ اور چوتھا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے بدھ کو دن بھر جاری رہا ۔جہاں پہاڑوں نے تازہ سفید چادر اوڑھ لی ،وہیں موسلادھاربارشوں سے سڑکیں جل تھل میں تبدیل ہوئیں ۔تازہ بارشوں اور برفباری کے سبب شمال وجنوب میں کئی رابطہ سڑکیں منقطع ہوگئیں ،تاہم سرینگر ۔جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک جاری رہا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے24گھنٹوں کے دوران وادی میں کئی ایک جگہوں پر برف وباراں کاسلسلہ جاری رہنے کاامکان ہے ۔ دریں اثناء تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں گرائوٹ ریکارڈ کی گئی جسکے باعث پوری وادی یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگئی ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو موسمی صورتحال نے اچانک کروٹ بدلی ،جسکے ساتھ ہی بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانوں علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں کشمیرکے فضائوں میں داخل ہوئیں جسکی وجہ سے موسمی مزاج میں تبدیلی آئی ہے ۔تاہم ان کا کہناتھا کہ ماہ نومبر میں بارشیں اور برفباری ہونا معمول ہے ۔موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ عالمی سطح پر موسمی تبدیلی ہورہی ہے ،جسکے اثرات کشمیر میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔کشمیر میں ماہ دسمبر سے موسم سرما کا دورانیہ شروع ہوتا ہے جو مسلسل تین ماہ تک جاری رہتا ہے ۔ ماضی میں بھی نومبر کے مہینے برفباری ہوئی ہے ،تاہم رواں برس ماہ نومبر میں چار مرتبہ برف وباراں کا سلسلہ دیکھنے کو ملا ،جو کئی کئی روز تک جاری رہا ۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو ماہ نومبر میں چوتھے مرحلے کی برف وباراں کا رتازہ سلسلہ شروع ہوا ،جو بدھ کو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ۔اطلاعات کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں میںمنگل اور بدھ کی درمیانی رات کو برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ،جو بدھ کو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ کرناہ سادھنا ٹاپ کے مقام پر ایک فٹ تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ اسی دوران کیرن کے فرکیاں ٹاپ کے مقام پر ایک سے ڈیڑھ فٹ تازہ برفباری درج کی گئی ۔ اسی طرح کپوارہ کے مژھل کے زیڈ گلی کے مقام پر ایک فٹ سے زیادہ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ تازہ برفباری کے نتیجے میں کپوارہ ہیڈ کوارٹر سے جوڑنے والے 3 اہم زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں ۔ کیرن ، ٹنگڈارکرناہ اور مژھل روڑ تازہ برفباری کے بعد بند کر دئے گئے اور ان رابطہ سڑکوں پر بدھ کو کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تازہ برفباری کے نتیجے میں ان رابطہ سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد و رفت احتیاطی طور روک دی گئی ۔ ادھر بانڈی پورہ کے گریز ، دوبون ، چھانہ دجی کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ سے زیادہ تازہ برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ تاہم بانڈی پورہ اور گریز روڑ ٹریفک کی آواجاہی کیلئے بدھ کو کھلی رہی ۔بارہمولہ اور سرحدی تحصیل اوڑی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں موسلادار بارشوں کا سلسلہ بدھ کودن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برفباری ہوئی ۔ یہاں 6 انچ برفباری درج کی گئی جبکہ بدھ کی شام تک یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔ ٹنگمرگ میں 3 انچ برفباری درج کی گئی اور یہاں بھی ہلکی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔تاہم سرینگر ۔ گلمرگ رابطہ سڑک ٹریفک کی آواجاہی کیلئے کھلی رہی ۔ گاندربل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سونہ مرگ ، زوجیلہ ، ناراناگ اور گگن گیر کے علاوہ دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ یہاں کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بد ھ کو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ وسطی ضلع بڈگام کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بعض بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ادھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، کولگام اور شوپیاں کے بعض بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ پلوامہ میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔جنوبی کشمیر کے مرگن ،ڈکسم ،سمتھن ٹاپ ،پہلگام ،کپرن ،ڈورو شاہ آباد اور دیگر کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ بدھ شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ادھر موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں شہر سرینگر اور قصبہ جات میں سڑکیں جل تھل میں تبدیل ہوئیں جسکی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ اس دوران تازہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگ روایتی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ گرمی کے جدید آلات کا بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ دریں اثناء موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کو سرینگر ۔ جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک رواں دواں رہا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ۔محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ برف وباراں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔