نئی دہلی، 26 نومبر (یواین آئی) سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے آج پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقد ’یوم آئین‘کی تقریب کا بائیکاٹ کیا۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں واقع بابائے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس جمع ہوکر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے تقریب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راہل گاندھی، آنند شرما کے ساتھ ترنمول کانگریس، راشٹریہ جنتا دل اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کئی لیڈر بھی موجود تھے۔ان پارٹیوں نے مجسمہ پر ایک بینر لگا رکھا تھا جس پر لکھا تھا ’جمہوریت کا قتل بند کرو‘۔
قابل ذکر ہے کہ آئین کے 70 سال پورے ہونے کے موقع پر پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس رکھا گیا ہے۔