ممبئی (یواین آئی) مہاراشٹرکے نائب وزیراعلیٰ کا حلف لینے والے این سی پی لیڈراوررکن اسمبلی اجیت پوارٹوئٹرپرسرگرم ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس کی بی جے پی اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کے بعد اجیت پوارنے پہلے وزیراعظم نریندرمودی اوروزیرداخلہ امت شاہ سمیت کئی سینئرلیڈروں کو ٹوئٹ کرکے شکریہ ادا کیا۔ اس کے کچھ ہی دیربعد اجیت پوارنے ٹوئٹ کرکے کہا کہ شرد پوارصاحب ہی ہمیشہ ہمارے لیڈررہیں گے ۔ میں این سی پی میں ہوں اورہمیشہ این سی پی میں ہی رہوں گا۔ این سی پی اوربی جے پی کا اتحاد اگلے 5سال عوام کے مفاد میں کام کرے گا، ایک مستحکم حکومت بنے گی۔ بالکل بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ، سب کچھ ٹھیک ہے ، بس آپ لوگوں کوتھوڑا محتاط رہنا ہوگا۔این سی پی سربراہ شرد پوارکے بھتیجے اجیت پوارہفتہ کو نائب وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لینے کے بعد سے ہی سامنے نہیں آرہے تھے ، لیکن اتوارکو اجیت پوارنے اپنے ٹوئٹرہینڈل سے کئی ٹوئٹ کئے ہیں۔ بی جے پی کے جن جن لیڈروں نے اجیت پوارکوان کے نائب وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے مبارکباد دی تھی، تقریباً ان سبھی بی جے پی لیڈروں کواجیت پوار نے اپنے ٹوئٹرہینڈل سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ اجیت پوارنے محض5سے 7منٹ میں ہی بی جے پی کے کئی سینئرلیڈروں کواپنے ٹوئٹرہینڈل سے شکریہ کہا ہے ۔اجیت پوارنے وزیراعظم نریندرمودی، وزیرداخلہ امت شاہ، وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن، وزیرٹرانسپورٹ نتن گڈکری، وزیرریل پیوش گوئل، سدا نند گوڑا، مختارعباس نقوی، بی جے پی کے کارگزارصدرجے پرکاش نڈا، وزیردفاع راجناتھ سنگھ اورمرکزی وزیراسمرتی ایرانی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سنیچر کی صبح ہی مہاراشٹرکی سیاست میں بڑا الٹ پھیرہوا تھا۔ مہاراشٹرکی سیاست کے سب سے بڑے ‘پہلوان این سی پی سربراہ شرد پوارکے بھتیجے اجیت پوارنے ہی بی جے پی کے ساتھ مل کرحکومت بنا لی تھی۔مہاراشٹرمیں چل رہی سیاسی رسہ کشی کے درمیان اب تک تصویرصاف نہیں ہے کہ این سی پی کے باغی لیڈراجیت پوارکو پارٹی کے دیگراراکین اسمبلی کا حمایتی خط کیسے حاصل ہوا، جسے انہوں نے گورنربھگت سنگھ کوشیاری کوسونپا۔ اس کے فوراً بعد ریاست سے صدرراج ہٹا کردیویندرفڑنویس کووزیراعلیٰ اوراجیت پوارکونائب وزیراعلیٰ عہدے کا حلف دلا دیا گیا۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اجیت پوارکو۳۰؍اکتوبرکواین سی پی قانون سازپارٹی کا لیڈرمنتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے اسی حیثیت سے گورنرکو بی جے پی کی قیادت میں حکومت بنانے کا حمایتی خط سونپا یو این آئی