سری نگر/ لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کار کے کے شرما نے آج یہاں محکمہ سیاحت کے افسروں کی ایک میٹنگ صدارت کے دوران جموں و کشمیر کے طو ل و عرض میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کو عملانے پر زور دیا۔ کے۔ کے ۔ شرمانے سیکٹر کے فروغ کے لئے ہر ایک پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے علاوہ بے کار پروجیکٹوں کی جگہ نئے پروجیکٹوں کو شروع کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے میٹنگ میں موجود افسران سے کہا کہ وہ دستیاب رقومات کا تصرف بہتر طریقے پر یقینی بنائیں تاکہ یہ رقومات زائد المعیاد نہ ہوں۔ اُنہوں نے افسران سے تلقین کی کہ وہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل بروقت یقینی بنائیں اور ان پروجیکٹوں کی بدولت ریاست کا دورہ کرنے والے سیاحوں کے لئے راحت رسانی کا سامان مہیا ہو۔ مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کوعملانے کے لئے مناسب سڑک رابطوں کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی نقشے پرلانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔