جموں/ انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک جے اینڈ کے آلوک کمار نے آج ٹریفک نظام اور نئے موٹر وہیکلز ایکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک افسران کی میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیو موٹر وہیکل ایکٹ کے نفاذاور ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی تعداد میں تیزی سے کم ہو کر 80 فیصد رہ گئی ہے۔ اس موقعہ پر آئی جی پی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ خراب سڑک کے پیچوں کو دور کرنے اور سڑک کی سطح میں بہتری لانے کے لئے متعلقہ روڈ مینٹینس ایجنسیوں کے ساتھ سڑکوں کا سروے انجام دیں۔ اُنہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ عوام کی اطلاع کے لئے پی ایس وی کی ونڈ اسکرین پر جی اوز / این جی اوز / ٹی سی یو کے ٹیلیفون نمبروں کی نمائش والی اسٹیکر سلپس کو چسپاں کرنے کو یقینی بنائیں اور ڈرائیوروں کی طرف سے خلاف ورزی کے بارے ٹریفک پولیس کو مطلع کریں۔ تجاوزات کے حوالے سے ، آئی جی پی نے کہا کہ ایس ایم سی کو اس میں شامل ہونا چاہئے اور مختلف ٹول پلازوں میں نظر آنے والے ٹرکوں کی لمبی قطاروں پر توجہ دی جانی چاہیئے اور ٹریفک ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کیا جائے ۔