ملازمین کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے پر زور ڈیجیٹائزڈ ایسٹس رجسٹر کو وجود میں لانے کی ہدایت
جموں// لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران آج یہاں محکمہ ایسٹیٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے مختلف ایسٹیٹس کالونیوں میںملازمین کو فراہم کی جارہی رہائشی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری بپل پاٹھک،محکمہ ایسٹیٹس کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل سیکرٹری دھیرج گپتا و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں اینڈ کشمیر حکومت کے ملازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ۔اُنہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ رہائشی کالونیوں کو بھونچال اور خراب موسمی حالات کا مقابلہ کرنے،ڈرنیج سیویج کے علاوہ پینے کے پانی کی سہولیات اور فصیل بندی یقینی بنائیں۔اس کے علاوہ رہائشی کالونیوں کے نئے ڈھانچوں کا ڈیزائن ترتیب دیتے ہوئے فائر سیفٹی کی سہولیات بھی یقینی بنائیں۔اُنہوں نے محکمہ کی ڈیجیٹائزڈ ایسٹس رجسٹرکو معرض وجود میں لانے کی بھی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جے اینڈ کے میں ملازمین کو الاٹ کی گئی رہائشی سہولیات کا منظم جائزہ لیں اور غیر ضروری اخراجات سے انحراف کریں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسروں کو مزید صلاح دی کہ وہ ملازمین کے لئے نئی کلسٹر رہائشی سہولیات کو ترقی دینے کے امکانات تلاش کریں۔ ایسٹیٹس محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے محکمہ کے اثاثوں پر ایک پرزنٹیشن دی۔