محکمہ صحت عامہ کو آنے والے دِنوں کے دوران اور زیادہ مستحکم کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری
جموں/ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے آج محکمہ صحت عامہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے جدید طریقہ کار اور تکنیک اپنائے تاکہ جموں وکشمیر جل جیون مشن کی عمل آوری میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شامل ہو۔ اِن باتوں کا اِظہار چیف سیکرٹری نے دی انسٹی چیویشن آف انجینئرس میں منعقدہ محکمہ صحت عامہ کی طرف سے جے جے ایم پر ایک روزہ ورکشاپ کے تکنیکی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جے جے ایم کو ایک قومی ترجیحی قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہر ایک گھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شامل ہو ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ کو آنے والے دِنوں کے دوران اور زیادہ مستحکم کیا جائے گا۔ اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری پی ایچ ای اجیت کمار ساہو نے جموں میں جے جے ایم کی عمل آوری سے متعلق ایک پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے 2022ء تک ہر گھرانے کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی صد فیصد یقینی بنانے کے لئے ترتیب شدہ ایکشن پلان کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے تقریب میں موجود لوگوں پر زور دیا کہ وہ پینے کے پانی کا منصفانہ استعمال کے عمل کو فروغ دیں تاکہ لوگوں کو چوبیس گھنٹے پینے کے پانی کی سہولیت دستیاب رہے۔اُنہوں نے کہا کہ تمام پینے کے پانی کی پائپ لائن کنکشنوں کو جون 2020ء تک جے جے ایم کے تحت جیو ٹیگ اور آدھار لِنک بنایا جائے گا۔ صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما جنہوں نے اِفتتاحی سیشن کی صدارت کی نے شرکأ پر زور دیا کہ وہ پینے کے پانی کی حفاظت اور صحیح اِستعمال یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مختلف علاقوں میں دستیاب تالابوں اور جھیلوں میں قدرتی پانی کے ذخائر کی حفاظت کرنے پر تلقین کی۔ سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا نے کہا کہ اُن کا محکمہ منتخب محکموں کو پنچایت بلاکوں کے پنچوں کے سپرد کریںگے تاکہ عوام کو درپیش مسائل آسانی سے حل کئے جاسکیں۔ ڈپٹی کمشنر سانبہ اور ریاسی نے متعلقہ اضلاع سے متعلقہ صحت عامہ کی کارکردگی پر تفصیلی خاکہ پیش کیا۔