ترقیاتی کمشنر سری نگرنے متاثرہ کسانوں کی ریلیف کیلئے آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا
سری نگر/ باغبانی،زراعت اور دیہی ترقی محکموں کی طرف سے سری نگر ضلع میں حالیہ برفباری سے ہوئے نقصانات کی رِپورٹوں کا سری نگراِنتظامیہ نے آج جامع جائزہ لیتے ہوئے متاثرہ کسانوں کی ریلیف کے لئے آفیسران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کئی علاقوں کے دورے کے بعد مختلف محکموںکے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کسانوں کو فراہم کی جانے والی ریلیف اورامداد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ فیلڈ انسپکشن کمیٹیوں کی طرف سے تیار کی گئی رِپورٹوں کے مطابق3137ہیکٹر اراضی میں سے 690ہیکٹر اراضی پر باغبانی فصل کو نقصان پہنچا ہے جس کا اسامی سطح پر ٹیموں نے تخمینہ لگایا ہے۔22فیصد حصے پر فصلوں اور پیڑوں کو نقصان پہنچاجس کا اگلے سیزن کی فصلوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ میٹنگ کے دوران چیف ہارٹیکلچر آفیسر سی ایل شرمانے بتایا کہ فصلوں کو ہوئے مکمل نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو کہ 40فیصد تک ہے جب کہ بہت سارے کسانوں کی فصلوں کو 70سے90فیصد تک نقصان پہنچا ہے۔سیب،اخروٹ اور آلوچہ کے علاوہ زعفران کی فصل بھاری نقصان سے دوچار ہوئی ہے۔ ترقیاتی کمشنر سری نگر نے فیلڈ سٹاف خصوصاً باغبانی محکمے کی سراہنا کی جنہوںنے ایس ڈی آر ایف کے رہنما خطوط کے تحت نقصان کا فوری تخمینہ لگایا تاکہ متاثرہ کسان نقصان کے ازالہ کے لئے سٹیٹ لیگل کمیٹی کو دعویٰ پیش کرسکیں۔