سری نگر/ ئ عوامی شکایات کا ازالہ کرنے میں محکمانہ کوششوں کو عملانے اور بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کیلئے عوامی مطالبات کو پورا کرنے کے سلسلے میں آج یہاں ضلع و سیکٹورل افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کی ۔ میٹنگ میں محکمہ صحت ، بجلی ، صحت عامہ ، میکنیکل انجینئرنگ ، خوراک و رسدات ، تعمیراتِ عامہ ، جنگلات ، اربن فارسٹری ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول ، ریونیو اور ریلیف ، سماجی بہبود کے علاوہ سول ڈفینس اور ریڈ کراس کے افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران ضلع میں موسمِ سرما کے حوالے سے کی جا رہی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ کے دوران ضلع میں سڑکوں اور ڈرنیج کی مرمت ، اضافی بجلی کی تقسیم کاری ، سٹیشنوں کو معرض وجود میں لانے سے متعلق معاملات زیر بحث آئے ۔ قومی شاہراہ پر پسیاں گر آنے سے شاہراہ کے بار بار بند ہونے کے نتیجے میں ضلع میں پیٹرولیم گیس ، تیل خاکی ، پیٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار کا سٹاک قائم رکھنے پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں ان تمام ضروری اشیاء کی 6 سے 8 ہفتے تک کا سٹاک موجود ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ سری نگرکے صارفین کو مٹی کے تیل کا دوگنا کوٹا فراہم کرنے کے اقدامات کرے ۔ ہسپتالوں میں گرمائش اور بلا خلل بجلی کی فراہمی کے علاوہ طبی خدمات میں بہتری لانے پر بھی زور دیا گیا ۔ ضلع اِنتظامیہ نے کئی ہسپتالوں کیلئے پاور جنریٹروں کی فراہمی کو بھی منظوری دی ۔