شہر میں سڑکوں کے مسائل سے متعلق مستقل حل نکالنے کی کوشش ۔ ڈی سی سری نگر
سری نگر/ سری نگر اِنتظامیہ نے ضلع میں سڑکوں کے معیار سے متعلق عوامی شکایات کے مد نظر سڑکوں کے تفصیلی آڈِٹ کا اِنعقاد کیا ہے۔ آڈِٹ کا اہتمام ڈپٹی کمشنر سر ی نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی ہدایات پر تشکیل شدہ انجینئروں کی ایک کمیٹی نے انجام دیا۔ کمیٹی کی کارروائی چیف پلاننگ آفیسر سری نگر محمد یاسین کی نگرانی میں انجام دی گئی۔آڈِٹ کا عمل تین ماہ جاری ہے اور اِس عمل میں 100افسران اور عملے نے حصہ لیاجنہیں نصف درجن ایجنسیوں اور محکموں سے لیا گیا تھا۔ آڈِٹ نے مقامی و بیرونی ماہرین کی مدد سے سری نگر میں سڑکوں کی بد حالی کے وجوہات پر غور کیا۔ آڈِٹ کے رِپورٹ کے مطابق سڑکوں کی بدحالی سڑکوں کے غلط استعمال کی وجہ بتائی گئی ۔اُنہوں نے سڑکوں کی ڈیزائننگ میں بھی مشکلات درج کئے ۔اِ س کے علاوہ کمزور ڈرنیج نظام بھی سڑکوں کی بدحالی کی وجہ بتائی گئی ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ضلع اِنتظامیہ ضلع کی سڑکوں میں بہتری لانے اور ان کے معیار کو بلند کرنے میں انتھک کوششیں کر رہی ہے۔آڈِٹ عمل میں لانے کا مقصد اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہے تاکہ سری نگر شہر کی سڑکوں کا معیار بلند ہو۔ آڈِٹ نے سڑکوں کی عوامی استعمال کے سلسلے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیاہے جن میں غیر منصوبہ بندی اور ناجائز تجاوزات روکنا شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا ہے کہ اِنتظامیہ سڑکوں کی بدحالی کو روکنے اور مستقبل میں سری نگر شہر کی سڑکوں کے معیار کو بلند کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کرر ہی ہے تاکہ مستقبل میں شہر سری نگر کی سڑکیں بہتر حالت میں قائم رہیں۔