لازوال ڈیسک
جموں//وزیرا عظم کے دفتر میں وزیر مملکت برائے عوامی شکایات و پنشنز ڈاکٹر جتندر سنگھ نے یونین ٹریٹری جموں اینڈ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی موجودگی میں آج یہاں کنونشن سینٹر میں دو روزہ علاقائی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ کانفرنس کا اہتمام حکومت ہند کے محکمہ ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز اینڈ پبلک گریوینسز ( ڈی اے آر پی جی ) نے حکومت جموں اینڈ کشمیر اور حکومت لداخ کے اشتراک سے کیا تھا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتند رسنگھ نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں کے دوران سول سروسز کا رول ریوینو کلٹروں سے ڈیولپمنٹ افسروں تک بہت حد تک بدل گیا ہے ۔ اُنہوں نے ہر سطح پر شفافیت یقینی بنانے پر زور دیا۔کانفرنس کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ معرض وجود میں لائے گئے جموں وکشمیر اور لداخ کی یونین ٹریٹریوں کی مؤثر ترقی کے لئے یہ کانفرنس ایک نقش راہ فراہم کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوںکی طرح کئی مواقعوں کی فراہمی کے لئے تیار کرنا ہوگا۔وزیر موصوف نے کہا کہ نئے یونین ٹریٹریوں کو ملک بھر کے ترقیاتی ماڈلوں کے طرز پر ترقی دینی ہوگی اور اِس یونین ٹریٹری کو زعفران ، بانس اور پشمینہ کی پارکیں قائم کرنے سے اقتصادی طور پر خوشحال بنانا ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئے نظام کے تحت نئی تشکیل شدہ جموںوکشمیر اور لداخ کی یونین ٹریٹریوں کے لئے ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور اُنہیں نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے اہل بنایا جائے گا۔’’ بیک ٹو وِلیج ‘‘ پروگرام کو اختراعی اور زمینی سطح پر ترقی یقینی بنانے کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی سفارشات پالیسیوں کی تشکیل میں مؤثر ثابت ہوں گی جو بڑے پیمانے پر عام لوگوں کو ترقیاتی عمل سے مستفید کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ دو روزہ سمینار خیالات کے تبادلہ کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گاجہاں مختلف سفارشات کی بدولت مختلف کاموں کی عمل آوری میں معاون ثابت ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ 73ویں اور 74ویں ترمیم کو من و عن عملایا جانا چاہیئے۔ایک ویڈیو پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر لداخ آر کے ماتھر نے کہا کہ یہ کانفرنس دونوں یونین ٹریٹریوں کو نئی راہ پر لانے کے لئے بروقت قدم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس کانفرنس کی سفارشات مقررہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے معاون ثابت ہوں گی۔سیکرٹری ڈی او پی ٹی اور ڈی اے آر پی جی ڈاکٹر سی چندر مولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ملک میں سرکاری کام کاج میں بہتری لانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں تبدیل لاتے ہوئے نئی ریفارمز متعارف کرنے کی ضرورت ہے ۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں اینڈ کشمیر میں بڑے پیمانے پر وسائل موجود ہیں اور اِن وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے اس ورکشاپ کا اِنعقاد ایک سنگ میل ہوگا۔اس سے قبل افتتاحی خطاب میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈی اے آر پی جی، وی سری نواس نے کہا کہ ڈی اے آر پی جی جموں میں دو بڑی علاقائی کانفرنسوں کا اِنعقاد کر رہا ہے ۔فائنانشل کمشنر محکمہ خزانہ ڈاکٹر ارون کمار مہتانے افتتاحی سیشن سے قبل تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد مؤثر اِنتظامیہ یقینی بنانا ہے۔اسی طرح مختلف موضوعات جن میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اِن اِنڈیاز گورننس ، ڈیجیٹل گورننس ، نیشنل ای ودھان ایپلیکشن شامل ہیں پر پرزنٹیشن دی گئی ۔آئی ٹی اینڈ پاور گورنمنٹ آف ناگا لینڈ کے زیڈ وِزیو نے بھی بعد دوپہر سیشن کی صدارت کی۔