ترقیاتی کمشنر سرینگر نے تیاریوں کا جائزہ لیا
لازاول ڈیسک
سرینگر//رواں ہفتے کے آخر میں ناسازگار موسمی حالات کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے آج مختلف محکموں کے سربراہاں کی ایک میٹنگ میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران متعلقہ محکمون کی طرف سے ایکشن اورمنیجمنٹ پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ برفباری کے نتیجہ میں لازمی خدمات کی بحالی کو یقینی بنایاجاسکے۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کی طرف سے گذشتہ ہفتہ برفباری کے بعد اہم خدمات کی بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔ متعلقہ محکموں کو کٹھن موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے افرادی قوت اورمشینری کو مزید متحرک کرنے کی خاطر پانچ پانچ لاکھ روپے واگذار کئے گئے ۔جب کہ محکمہ کو بجلی کو مزید ٹرانسفارمر حاصل کرنے اورمرمت کے لئے دو کروڑ روپے واگذار کئے گئے ۔اس کے علاوہ اس کے علاوہ محکمہ صحت کو ڈھانچے کی فوری طور بحالی کے لئے بھی 10لاکھ روپے کی رقم واگذار کی گئی۔ ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ محکوں کو ہدایت دی کہ وہ ناسازگار موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے افرادی قوت اورمشینری کو تیاری کی حالت میں رکھیں۔اس دوران ایس ایم سی کو سڑکوں پر جمع شدہ برف ہٹانے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔جب کہ محکمہ جنگلات کو بھی سڑکوں پر سے پیڑوں کی ٹہنیاں ہٹانے کے احکامات دئے گئے تاکہ ٹریفک کی آمدورفت میں خلل نہ پڑ سکے۔تمام محکموں کو بحالی کے اقدامات کے بارے میں عوامی جانکاری کے لئے کنٹرول روم قائم کرنے پر زوردیا گیا۔میٹنگ کے دوران متعلقہ آفیسران کو برفباری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی گئی تاکہ متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔