نئی دہلی؍؍ہندوستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی نے بدھ کو سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر اپنا غصہ ظاہر کرتے ہوئے اب بھی خود کو ہندوستان کی ڈیوس کپ ٹیم کا نان پلیئنگ کیپٹن ہونے کا دعوی کیا۔ بھوپتی نے کہا کہ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں کہ ان کی جگہ کسی اور کو ڈیوس کپ ٹیم کا نان پلیئنگ کیپٹن منتخب کیا گیا ہے اور انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی دستیاب ہیں اور اب بھی کپتان ہیں۔ واضح رہے کہ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے ) نے سابق کھلاڑی اور قومی ٹینس فیڈریشن کے چیف سلیکٹر روہت راج پال کو اپنا نان پلیئنگ کیپٹن بنانے کا اعلان کیا تھا۔ سابق ٹینس اسٹار نے ٹوئٹر پر بدھ کو کہا، "وہ سبھی لوگ جنہیں میرے خیالات کی بہت فکر ہے انہیں میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ اے آئی ٹی اے کے جنرل سیکرٹری ھرمے چٹرجی نے پیر کے روز مجھے فون پر بتایا تھا کہ روہت کو میری جگہ کپتان منتخب کیا گیا ہے کیونکہ اوسنیا گروپ اے مقابلے کیلئے پاکستان جانے میں مجھے تامل تھا۔اے آئی ٹی اے نے پیر کو روہت راج پال کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا کیونکہ بھوپتی نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان جانے سے انکار کر دیا تھا۔ بھوپتی اور بوپنا سمیت چھ ہندوستانی کھلاڑیوں نے سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان جانے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد راج پال کو کپتانی دے دی گئی۔یواین آئی