محبوبہ مفتی کی مسلسل نظر بندی غیر قانونی

0
0

سبھی مین اسٹریم نظر بند لیڈران کو فوری طور رہا کیا جائے :وید مہا جن
لازوال ڈیسک

جموں ؍؍پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے جنرل سیکریٹری ،وید مہا جن نے پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوفہ کو سیاسی انتقام گیری کے تحت قید تنہا ئی میں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے سبھی مین اسٹریم نظر بند لیڈران کی فوری رہا ئی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو سیاسی لیڈرشپ سے محروم رکھنا غیر جمہوری عمل ہے جبکہ یہ انسانی حقوق کی پامالی بھی ہے ۔جموں میں انتظامی دربار سجنے کے موقع پر سوموار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے جنرل سیکریٹری ،وید مہا جن نے کہا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی پامالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی سے کسی کو ملنے جلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ انہیں الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی کو سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے سبھی مین اسٹریم نظر بند لیڈران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو سیاسی لیڈرشپ سے محروم رکھا جارہا ہے جو کہ جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ وید مہاجن نے مزید کہا کہ عوام کایہ جمہوری بنتا ہے کہ وہ اپنی لیڈرشپ سے ملے لیکن جموں و کشمیر میں جمہوریت کا گلہ گھونٹا جارہا ہے ۔ وید مہاجن نے کہا کہ سبھی مین اسٹریم نظر بند لیڈران کو فوری طور رہا کر دینا چاہئے خاص طور پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی رہائی فوری طور عمل میں لائی جانی چاہئے کیونکہ موصوفہ کی والدہ علیل ہے ۔ پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری وید مہاجن نے یہ بھی کہا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی پر کورپشن کے بے بنیاد الزامات ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی جموں و کشمیر کی واحد وہ سابق وزیر اعلیٰ ہیں ، جن کی جائیداد دیگر سابق وزرائے اعلیٰ اور وزیروں سے کافی کم ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وید مہاجن نے کہا کہ نذیر احمد لاوے کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پارٹی سے بے دخل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اپنے اصولوں اور موقف پر کار بند ہے اور یہ کہ نذیر احمد لاوے کو پارٹی کی انضباطی کمیٹی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث پانے کے بعد پارٹی سے بے دخل کیا اور اس فیصلے پر اپنی مہر ثبت کی جو اب واپس نہیں لیا جاسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر نے پارٹی سے تحریری طور ایک فہرست طلب کی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ پارٹی نے اس حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ لیا تھا لہٰذا صوبائی کمشنر کشمیر کو کوئی فہرست نہیں سونپی گئی ۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ جب پی ڈی پی کی جانب سے کوئی فہرست مذکورہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے صوبائی کمشنر کشمیر کو نہیں دی گئی تو پارٹی کے سابق لیڈر نذیر احمد لاوے نے اس حلف برداری کی تقریب میں شرکت کس بنیاد پر کی ؟۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا