نئی دہلی؍؍جنگلات و ماحولیات اور اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا ہے کہ اس سال 50 ویں انڈیا انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا انعقاد گوا میں کیا جائے گا اور مشہور فلم اداکار رجنی کانت کو اس میں ‘اسپیشل آئیکن ایوارڈ’ سے نوازا جائے گا ۔ مسٹر جاوڈیکر نے ہفتہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ پچاسویں فلم فیسٹول 20 سے 28 نومبر تک گوا میں منعقد کیا جائے گا اور اس میں 20 اور 21 نومبر کو اسپیشل آئیکن ایوارڈ مسٹر رجنی کانت کو دیا جائے گا ۔ ان کے علاوہ بین الاقوامی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ فرانسیسی اداکارہ ایزابیل ھوپرٹ کو دیا جائے گا۔ اس فیسٹول کی خاصیت یہ بھی ہوگی کہ اس میں 50 خواتین فلم ڈائرکٹرز کی 50 فلموں کی نمائش کی جائے گی اور اس میں ہندوستان کی خواتین کا سنیما میں تعاون کے بارے میں بتایا جائے گا۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ اس فلم فیسٹول میں 200 فلمیں بھیجی گئی ہیں جن میں سے 24 فلمیں آسکر کی نومنیشن فہرست میں ہیں اور پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے چار نومبر کو آرڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ ہو گی جس میں گوا کے وزیر اعلی کے علاوہ کمیٹی کے رکن اور دیگر اسٹیک ہولڈر حصہ لیں گے ۔ اس فیسٹول میں تقریباً 10 ہزارافراد کی شرکت کی امید ہے ۔ قابل غور ہے کہ محترمہ ھوپرٹ نے 120 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے اور ان کی پہلی فلم 1971 میں ریلیز ہوئی تھی. وہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جن کی فلمیں سب سے زیادہ 16 بار سیزر ایوارڈ کے لئے نامزد ہو چکی ہے ۔ انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ بھی مل چکا ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں 102 بین الاقوامی ایوارڈ بھی دئیے جا چکے ہیں۔ رجنی کانت تمل، تیلگو، کناڈا، ملیالم اور ہندی زبان میں 170 سے زائد فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ وہ ہالی ووڈ فلم ‘بلڈ اسٹون’ (1988) میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔