تنویر پونچھی
پونچھ؍؍ماہ ربیع الاول کے ماہ کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اپنے طریقوں سے جلسے جلوس منعقد کر کے سرور کونین کی آمد کی خوشیاں مناتے ہیں اور پھر بارہ ربیع الاول کے دن بڑی تعداد میں عاشقان رسول ایک جگہ سے دوسری جگہ جلسے جلوسوں کا اہتمام کرتے ہیں جس میں ذکر نبی کی محفلیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ چونکہ ربیع الاول کا ماہ مبارک رواں دواں ہے اور اب بارہ ربیع الاول یعنی عید میلاد النبی بھی قریب سے قریب تر ہے ۔اس لیے آج ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے عید میلاد النبی کے سلسلے میں کیے جا رہے انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا جس میں ضلع کے تمام افسران موجود رہے اور انہوں نے عید میلاد کے حوالے سے کیے جا رہے انتظامات سے متعلق تفصیلی جانکاری ضلع ترقیاتی کمشنر کو دی۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر موصوف نے افسران متعلقہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے ربیع الاول کے ایام مقدسہ میں عوام کو بجلی و پانی یا دیگر کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں آنی چاہیے ۔انہوں نے بارہ ربیع الاول کے سلسلے میں منعقد ہونے والے اجتماعات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا اور افسران کو ہدایات دیں کہ وہ سیکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پر بھی گہری نظر رکھیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ئے اور وہ یہ تہوار پورے اعتماد کے ساتھ مذہبی و روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا سکیں۔میٹنگ میں امام و خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ مولانا فاروق حسین مصباحی مولانا بشارت ثقافی پرویز ملک آفریدی آفتاب گنائی تاج میر ایڈوکیٹ افتخار بزمی کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران و ضلع کے تمام چھوٹے بڑے افسران موجود رہے۔