لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍بارہمولہ کے شیر وانی ہال میں آج گورونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اِس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر جی این ایتو مہمان خصوصی اور ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے مہمان ذِی وقار کے طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا اہتمام چیف ایجوکیشن آفس بارہمولہ کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں متعلقین اور طلباء کے علاوہ والدین، مذہبی شخصیات اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران کئی مذہبی اور ثقافتی پروگراموں کا اِنعقاد کر کے گورونانک دیوجی کی زندگی کے مختلف پہلوئوں ، خدمات اورپیغامات کو اُجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے شرکأ اور طلباء کی سراہنا کی جنہوں نے تقریب کے دوران پیش کئے جانے والے پروگراموں میں حصہ لیا۔اِس دوران ڈاکٹر ایتو نے عام لوگوں خصوصاً سکھ برادری کو گورونانک دیوجی کے یوم پیدائش پر مبارک باد دی۔ تقریب سے ایس ایس پی اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔