اختراعی اقدامات کرنے کی ضرور ت پر زور دیا
لازوال ڈیسک
بڈگام؍؍پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج باغات کنی پورہ بڈگام میں پولٹری ایسٹیٹ قائم کرنے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اُن کے ہمراہ چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر بڈگام ، جے ڈی پولٹری اور کئی دیگر افسران بھی تھے۔ڈاکٹر سامون نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بڑے پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام لوازمات جلد از جلد پورا کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے ضلع میں ایک طرف پولٹری کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور دوسری طرف روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل بھی پیدا ہوں گے۔اُنہوں نے افسروں سے مقامی پولٹری یونٹوں کی پیداوار کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ بعد میں اُنہوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جنہوں نے اس طرح کا بڑا پروجیکٹ علاقے میں قائم کرنے کے لئے ڈاکٹر سامون کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولٹری پیدوار بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں مقامی پولٹری فارمروں کو ہر طرح کی مدد بہم کرائی جائے گی۔اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ آسانی سے اپنے پولٹری یونٹ قائم کرسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ بے روزگار نوجوانوں کو پشو پالن اور پولٹری سیکٹروں کی طرف راغب کرنے کے لئے اختراعی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان سیکٹروں میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں تاکہ انہیں مکمل طور سے بروئے کار لانے کی ضرور ت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترال میں پولٹری ایسٹیٹ قائم کرنے کی خاطر 1100 کنال اراضی کی پہلے ہی نشاندہی کی ہے۔