مختلف امتحانی مراکز کا معائینہ کیا
لازوال ڈیسک
گاندربل؍؍ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے آج گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج نواب باغ گاندربل کا دورہ کیا جس دوران اُنہوں نے کالج کے مختلف بلاکوں میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جو کہ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی ڈی سی شفقت اقبال ،ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال اور اے ڈی سی فاروق احمد بابا کے علاوہ صحت عامہ کے انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔دُورے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال سمیت تمام بلاکوں کا معائینہ کیا او راِن بلاکوں میں ترقیاتی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اِس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ کی طرف سے تعمیر کئے جارہے یونانی میڈیکل کالج کی تعمیر پر 32.50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیںاور یہ کام تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ہسپتال بلڈنگ کی تعمیر کے کام کا معائینہ کر نے کے دوران اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی پر زو ردیا کہ وہ باقی ماندہ کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ ہسپتال کے مختلف شعبوں میں کام کاج شروع کیا جاسکے۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے اے ڈی ڈی سی اور اے ڈی سی کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا معائینہ کیا جس دوران انہوں نے وہاں اداروں کے سربراہان کے ساتھ بات چیت کی اور امتحانات کے اَحسن اِنعقاد پر اطمینان کا اِظہار کیا۔