نئی دہلی؍؍ممتاز گھریلو فٹ بال ٹورنامنٹ سنتوش ٹرافی کے 74 ویں ایڈیشن کے لیے جمعہ کو یہاں ڈرا نکالے گئے جس میں دہلی کو گزشتہ چمپئن سروسز کے ساتھ گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹورنامنٹ 10 سے 23 جنوری 2020 تک ایزول میں کھیلا جائے گا۔دہلی کے دوارکا واقع آل انڈیا فٹ بال یونین (اے آئی ایف ایف) کے ہیڈ کوارٹر میں جمعہ کو سیکرٹری کشل داس ، سینئر نائب صدر سبرت دتہ، لیگ کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کے ڈرا نکالے گئے ۔ آٹھ ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے فائنل مرحلے کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کر لیا ہے ۔ جنوبی زون سے کوالیفائی کرنے والی دو اور ٹیمیں اس کا حصہ بنیں گی جن کے کوالیفائنگ مقابلے پانچ نومبر سے ہوں گے ۔گزشتہ چمپئن سروسز کو دہلی، جھارکھنڈ، میگھالیہ اور جنوبی زون کی فاتح کوالیفائنگ ٹیم کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے جبکہ 32 بار کی چمپئن بنگال گروپ بی میں پنجاب، گوا، میزبان میزورم اور جنوبی زون سے دوسری کوالیفائنگ گروپ بی میں شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 جنوری کو ہوگا۔