بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت: سید محمد الطاف بخاری
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا، ’’میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سرینگر رنگریٹھ میں فوج کی بھرتی مہم میں نوجوانوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی ہیں۔ اسی طرح، گزشتہ روز بارہمولہ کے گانٹہ مولہ میں آرمی بھرتی ریلی میں بیس ہزار سے زیادہ نوجوانوں نے شرکت کی، حالانکہ وہاں صرف 306 آسامیاں تھیں۔ یہ واقعات ایک بار پھر بے روزگاری کے سنگین مسئلے کو اْجاگر کرتے ہیں، جو کہ فوری توجہ کا متقاضی ہے۔‘‘
http://www.jkapniparty.com/
اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اور اس سے نمٹنے کے لیے موثر اور مربوط کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’یہ دیکھ کر بے حد دْکھ ہوتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری سے جھوجھ رہے ہیں اور وہ روزی روٹی کے وسائل تلاش کرنے میں در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومتی، پالیسی سازوں اور عوامی سطح پر مل جل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور کوششیں سیاسی وابستگیوں اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ہونی چاہیں۔ ہمارے نوجوان مستقبل ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔‘‘